(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد کشمیر میں مون سون کے چوتھے سلسلے کے اختتام کے بعد بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ، تاہم موسم نے دوبارہ اپنے سخت تیور دکھانے شروع کر دیے ہیں۔ دارالحکومت مظفرآباد سمیت کئی علاقوں میں صبح کے وقت ہی درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور دھوپ نکلنے کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں دوبارہ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان موجود ہے۔ وادی نیلم، لیپہ، باغ اور راولا کوٹ کے علاقوں میں بھی بادلوں کی آمدورفت جاری ہے، جو شام یا رات کے وقت بارش میں بدل سکتی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ دنوں کی مسلسل بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور کئی علاقوں میں زمینی کٹاؤ کے اثرات اب بھی برقرار ہیں۔ مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو ندی نالوں اور پہاڑی ڈھلوانوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر رکھی ہے، جبکہ متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق 26 جون سے اب تک ملک بھر میں بارشوں سے 266 افراد جاں بحق اور 628 زخمی ہو چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں 2 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں، جب کہ سب سے زیادہ اموات پنجاب (144) میں ریکارڈ کی گئیں۔ دیگر صوبوں کی تفصیل درج ذیل ہے:
خیبرپختونخوا 63، سندھ 25، بلوچستان 16، اسلام آباد 8 اور گلگت بلتستان 8۔
ادھر گلگت بلتستان میں بارش کے بعد کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تباہی کا سلسلہ جاری ہے، سکردو اور چلاس میں متعدد افراد لاپتہ اور جاں بحق ہو چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں بھی بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے کئی راستے تاحال بحال نہیں ہو سکے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارا اتحاد دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف سب سے بڑی رکاوٹ ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر
محکمہ موسمیات نے آج شام یا رات سے دوبارہ بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق، موسم کا موجودہ انداز اگلے چند روز تک برقرار رہ سکتا ہے۔