نیلم (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر اطلاعات آزادکشمیر کی کاوشوں سے تحصیل پریس کلب شاردا کی عمارت تعمیر کے آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے۔ معاونِ خصوصی سردار نوشاد کی زیر نگرانی، تعمیری کام تیزی سے جاری ہے اور اگست کے مہینے میں عمارت کا باقاعدہ افتتاح متوقع ہے۔
وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ کی ہدایت پر معیاری تعمیر کو یقینی بنانے کیلئے ایک تکنیکی ٹیم روزانہ کی بنیاد پر کام کی نگرانی کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل شاردہ کے صحافیوں کے لیے پریس کلب کی عمارت کی تعمیر وزیر اطلاعات کی ذاتی اے ڈی پی کے تحت عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اراضی کی الاٹمنٹ کے بعد عمارت کی تعمیر کا آغاز کیا گیا، جس کی نگرانی خود معاون خصوصی سردار نوشاد کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز ایک بیان میں سردار نوشاد نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اطلاعات نے نیلم پریس کلب کی تعمیر کی منظوری دی اور اب تحصیل پریس کلب شاردہ کی تعمیر میں ذاتی دلچسپی لے کر اس منصوبے کو پایۂ تکمیل تک پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انشاءاللہ اگست میں تحصیل پریس کلب شاردا کی شایان شان عمارت کا افتتاح وزیر اطلاعات مولانا پیر محمد مظہر سعید شاہ اپنے دستِ مبارک سے کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہلِ قلم ریاست کا چوتھا ستون ہیں اور حکومت ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: 5 اگست کا احتجاج عمران خان کی رہائی تک جاری رہے گا،سردار اسرائیل قاضی
اس موقع پر شہریوں نے نیلم کی تعمیر و ترقی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود میں وزیر اطلاعات کی دلچسپی کو سراہا ہے۔