کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور رہے گا، ڈی جی آئی ایس پی آر

(کشمیر ڈیجیٹل)پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہیں یونیورسٹی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبا کی جانب سے پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔

یونیورسٹی کے دورے کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’فتح مبین‘ میں عوام، بالخصوص نوجوانوں کا کردار نہایت اہم رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے باوجود نوجوان نسل کی حب الوطنی اور قربانیوں نے ملک کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب میں ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کی حکمت عملی اور اس کی کامیابیوں پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ ان کے مطابق یہ آپریشن قومی سلامتی کے حوالے سے ایک بڑی کامیابی تھا، جس کے نتیجے میں دہشتگردوں کا نیٹ ورک توڑا گیا اور ریاست کی رٹ کو بحال کیا گیا۔

بلوچستان کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ’چند دہشتگرد عناصر بلوچستان اور پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج ہر محاذ پر پوری طرح مستعد اور متحرک ہے، اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے دیرینہ مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ ’کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھا، ہے اور ہمیشہ رہے گا‘۔ ساتھ ہی انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں بارشوں سے 252 اموات، این ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری

دورے کے اختتام پر یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر اساتذہ نے ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ ادا کیا اور ان کے خیالات کو سراہا۔ طلبا نے سوال و جواب کے سیشن میں جوش و خروش سے حصہ لیا اور قومی امور پر گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔

Scroll to Top