پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور ایشین کرکٹ بورڈ کے صدر محسن نقوی کو بڑی جیت مل گئی، ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں شرکت سے انکار کرنے والا بھارتی کرکٹ بورڈ آخر کار مان گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی زیرصدارت ڈھاکہ میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل اجلاس میں شرکت پر رضا مند ہوگیا۔
پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی کی زیرصدارت ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس آج ڈھاکا میں ہوگا، بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا ڈھاکا میں ہونے والے اجلاس میں ورچوئل شرکت کریں گے۔
صدر اے سی سی محسن نقوی دیگر بورڈز کے ممبران ڈھاکہ پہنچ چکے ہیں، اجلاس میں ایشیا کپ شیڈول سمیت دیگر معاملات کے حوالے سے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کا اعتراض مسترد : ایشین کرکٹ کونسل کا سالانہ اجلاس ڈھاکہ میں فائنل
بھارتی میڈیا کا کہنا تھا کہ افغانستان نے بھی میٹنگ میں شرکت کے لیے اپنا نمائندہ ڈھاکا بھیج دیا ہے، اے سی سی اجلاس میں ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان متوقع ہے۔
رواں برس 3 اپریل کو چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایشین کرکٹ کونسل کی صدارت کا منصب سنبھالا ہے جبکہ انھوں نے رواں ماہ 24 جولائی کو نئی باڈی کا اجلاس بنگلہ دیش میں طلب کیا۔
گزشتہ دنوں بھارت بنگلہ دیش سے سیاسی تناؤ کی وجہ سے اس اجلاس کی مخالفت میں کھل کر سامنے آیا تھا اور رکن ممالک سے اجلاس میں شرکت نہ کرنے سے متعلق لابنگ شروع کر دی تھی جس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ بھارت کی جانب سے رکن ممالک کو اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر پرکشش آفرز بھی کی گئی تھیں۔
آئی سی سی چیئرمین جے شاہ نے بھی اس کے لیے لابنگ کی تھی جس کے بعد سری لنکا اور اومان نے بھارت کے موقف کی حمایت کی تھی تاہم اکثر رکن ممالک اے سی سی اجلاس کا انعقاد ڈھاکا میں چاہتے تھے۔