(کشمیر ڈیجیٹل)ملک کے بالائی علاقوں بالخصوص آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور شمالی پنجاب میں 23 اور 24 جولائی کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وادی لیپہ میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری:
وادی لیپہ اور اس کے گرد و نواح میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہو رہی ہے، جس کے باعث موسم نہایت خوشگوار ہو چکا ہے۔ سرد ہوائیں چلنے کے باعث درجہ حرارت میں کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران مسلسل بارش لینڈ سلائیڈنگ، طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا سبب بن سکتی ہے۔
انتظامیہ نے وادی لیپہ، وادی نیلم، راولا کوٹ اور دیگر بالائی علاقوں کے رہائشیوں کو خبردار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں کا سفر انتہائی ضرورت کے تحت ہی کریں اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے ہوشیار رہیں۔اب تک وادی میں ندی نالوں کی صورتحال تسلی بخش ہے اور سڑکیں کھلی ہیں، تاہم بارش کے تسلسل کے باعث صورتحال میں اچانک تبدیلی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی وارننگ:
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں 23 اور 24 جولائی کے دوران درج ذیل خطرات لاحق ہو سکتے ہیں:
آزاد کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، پوٹھوہار ریجن اور شمال مشرقی پنجاب میں شدید بارش سے لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، پشاور سمیت کئی شہروں میں اربان فلڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبے، دیواریں، بورڈز اور سولر پینلز تیز بارش اور آندھی کے دوران متاثر ہو سکتے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی نمایاں بارش:
اسلام آباد، لاہور، اٹک، جہلم، شیخوپورہ، نارروال، مظفرآباد، کوٹلی اور دیگر علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی، جہاں اٹک میں 125 ملی میٹر اور لاہور ایئرپورٹ پر 101 ملی میٹر بارش ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر: ظاہر لطیف سلہریا کا بارش متاثرین کیلئے فوری اقدامات کا مطالبہ
محکمہ موسمیات اور مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے کے لیے محتاط رہیں، سفر سے قبل موسم کی صورتحال ضرور چیک کریں اور نشیبی و پہاڑی علاقوں میں بلا ضرورت جانے سے گریز کریں۔