شعبہ فارمیسی جامعہ پونچھ اور JZT پاکستان کے تعاون سے چار روزہ نیشنل کانفرنس کا کامیاب انعقاد

شعبہ فارمیسی جامعہ پونچھ اور JZT پاکستان کے مشترکہ تعاون سے چار روزہ نیشنل کانفرنس بعنوان LEMON – Nexus of Mentors and Emerging Leaders مورخہ 17 تا 20 جولائی 2025ء تک منعقد کی گئی، جس میں بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان سے 180 شرکاء نے شرکت کی۔

کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں فیکلٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال اعوان، چیئرمین شعبہ فارمیسی ڈاکٹر محمد مختیار، کنٹرولر امتحانات ویمن یونیورسٹی باغ ڈاکٹر طاہرہ بتول، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز جامعہ پونچھ راجہ بشارت محمود، انچارج ایم ایل ٹی ڈاکٹر محمد عثمان، چئیرپرسن ایسٹرن میڈیسن ڈاکٹر ناہید ممتاز، سپروائزر JZT جامعہ پونچھ و اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر اظہار اللہ اور فیکلٹی ممبران نے خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس کا بنیادی مقصد طلباء میں اخلاقی، معاشرتی اور لیڈرشپ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا۔ افتتاحی خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال اعوان نے کہا کہ لیڈرشپ صرف سیاستدانوں تک محدود نہیں بلکہ ترقی یافتہ اقوام اپنی نوجوان نسل کو جدید پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈاکٹر محمد مختیار نے طلباء میں قیادت کے اصولوں پر روشنی ڈالتے ہوئے جامعہ پونچھ کی قیادت اور سپورٹ پر شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر اظہار اللہ نے وائس چانسلر جامعہ پونچھ کے ویژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ نہ صرف فارمیسی کے شعبے میں مہارت رکھنے والے طلباء تیار کر رہا ہے بلکہ ان میں لیڈرشپ صلاحیتوں کو بھی فروغ دے رہا ہے۔

کانفرنس کے ٹرینرز میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسٹیٹ بینک آف پاکستان عثمان خٹک، چیئرپرسن JZT پاکستان بلال ساہی، معروف لکھاری نور الہدیٰ شاہ، سی ایس ایس مینٹور طارق بن گل کاکڑ، قانون دان حارث عالم صافی اور دیگر ماہرین شامل تھے۔ انہوں نے طلباء کو ٹیم ورک، اخلاقیات، رضاکارانہ خدمت، مؤثر ابلاغ اور قیادت کے مختلف پہلوؤں پر تربیت فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں پہلی بار اونٹنی کو مصنوعی ٹانگ لگا کر چلنے کے قابل بنا دیا گیا

شعبہ فارمیسی نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ڈین فیکلٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز، رجسٹرار اور دیگر عملے کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ طلباء کی جدید تعلیم، اخلاقی تربیت اور رضاکارانہ جذبے کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

Scroll to Top