مظفرآباد فلائی اوور سات سال بعد بھی نامکمل، بارش سے دکانوں کو شدید نقصان

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)دارالحکومت مظفرآباد میں گذشتہ سات سالوں سے زیرِ تعمیر فلائی اوور تاحال مکمل نہ ہو سکا، جس کے باعث شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر ٹریفک مسائل اور دیگر مشکلات کا سامنا ہے۔ حالیہ بارشوں نے اس منصوبے کی نااہلی کو مزید بے نقاب کر دیا۔

گزشتہ رات ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث فلائی اوور کے اطراف واقع درجنوں دکانوں میں پانی بھر گیا۔ مقامی دکانداروں کے مطابق دکانوں کا قیمتی سامان پانی میں ڈوب گیا، جس سے انہیں لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ فلائی اوور کی تعمیر کے دوران نکاسیٔ آب کا مناسب بندوبست نہیں کیا گیا، جس کا نتیجہ اب بھگتنا پڑ رہا ہے۔

دکانداروں نے ضلعی انتظامیہ اور حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ فلائی اوور کی تعمیر کو جلد مکمل کیا جائے اور نکاسیٔ آب کا فوری بندوبست کیا جائے تاکہ آئندہ ایسی تباہ کن صورتحال سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں: شرقی باغ میں میر اکبر کی کامیابی کالعدم، دھاندلی ثابت

متاثرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو اگلی بارشوں میں نقصانات کی شدت اور بھی زیادہ ہو سکتی ہے، جس سے نہ صرف کاروباری طبقہ بلکہ عام شہری بھی متاثر ہوں گے۔

Scroll to Top