مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے-16 (شرقی باغ) میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی میر اکبر خان کے خلاف الیکشن ٹربیونل نے دھاندلی ثابت ہونے پر تاریخی فیصلہ سنا دیا ہے۔
مظفرآباد میں قائم الیکشن ٹربیونل کے جج حافظ محمد اکرم نے انتخابی عذر داری پر فیصلہ سناتے ہوئے میر اکبر خان کی کامیابی کو کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ 2021ء کے عام انتخابات میں میر اکبر خان کے حق میں دھاندلی ثابت ہوئی، جس کے باعث ان کی اسمبلی رکنیت ختم کر دی گئی اور وہ وزارت سے بھی محروم ہو گئے۔
عدالت نے حلقہ ایل اے-16 میں دوبارہ شفاف پولنگ کرانے کا حکم دے دیا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب آزاد کشمیر میں عام انتخابات میں تقریباً ایک سال باقی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن کا انتظامی ڈھانچہ بھی کمزور ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ تاحال خالی ہے اور صرف ایک رکن سید نظیر الحسن گیلانی کمیشن میں موجود ہیں، جبکہ میر اکبر کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا عمل بھی الیکشن کمشنر کی موجودگی سے مشروط ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں بارش سے حادثات: مکان گرنے سے بچہ جاں بحق، نالوں میں طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ سے نقصانات
یہ صورتحال آزاد جموں و کشمیر کے انتخابی نظام اور آئندہ انتخابات کے شفاف انعقاد سے متعلق اہم سوالات کو جنم دے رہی ہے۔