پیٹر بَرا (کشمیر ڈیجیٹل) برطانیہ کے شہر پیٹر بَرا میں مسلم لیگ ن کے زیراہتمام منعقدہ “جلسۂ عزمِ وفا” ایک فقیدالمثال سیاسی اجتماع کی صورت اختیار کر گیا، جس میں کشمیری کمیونٹی نے بھرپور شرکت کر کے سیاسی شعور اور جماعت سے وابستگی کا ثبوت دیا۔
اس باوقار تقریب کی نظامت راجہ جاوید نے کی، جب کہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ راجہ نوید، صدر مسلم لیگ ن پیٹر بَرا، نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اسے کشمیریوں کی امنگوں کا ترجمان قرار دیا۔
صدر یوتھ ونگ برطانیہ حافظ توقیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن اب برطانیہ میں ایک بڑی سیاسی حقیقت ہے، جس کی بنیاد قیادت کی دیانت اور وژن پر ہے۔ چوہدری رحمان، صدر مسلم لیگ ن برطانیہ، نے شاندار انتظامات پر منتظمین کو سراہتے ہوئے اسے عوامی رابطے کی کامیاب مثال قرار دیا۔
ایڈیشنل سیکریٹری جنرل چوہدری عظیم بخش نے اپنے خطاب میں عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے حلقے سے مسلم لیگ ن کی کامیابی یقینی بنائیں گے۔ سابق وزیر حکومت سردار فاروق سکندر نے زور دیا کہ اختلافات کو ختم کر کے اتحاد کے ساتھ جماعت کو مضبوط کیا جائے۔
سابق وزیر ملک نواز نے کہا کہ اگرچہ ایک وقت تھا جب مسلم لیگ ن کی پوزیشن کمزور نظر آ رہی تھی، مگر اس جلسے نے ثابت کر دیا کہ جماعت ایک نئی قوت بن چکی ہے۔ صدر ساوتھ زون جمیل طارق راجہ نے اپنے خطاب میں قیادت سے مطالبہ کیا کہ ان کے حلقے میں اہل امیدوار کو ٹکٹ دیا جائے تاکہ کامیابی حاصل کی جا سکے۔
جلسے کے مرکزی مقرر اور سابق اسپیکر اسمبلی آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج آزاد کشمیر بدانتظامی اور عوامی محرومیوں کی زد میں ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو دشمن قوتوں کے خلاف بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اعلان کیا کہ آزاد کشمیر کے ہونہار طلبہ کو میرٹ پر لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن تمام حلقوں سے کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ پیپلز پارٹی کے پاس امیدوار نہیں اور پی ٹی آئی بکھر چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں بارش سے حادثات: مکان گرنے سے بچہ جاں بحق، نالوں میں طغیانی اور لینڈسلائیڈنگ سے نقصانات
تقریب کے اختتام پر مرحومین کے لیے دعا اور شرکاء کی ضیافت کی گئی۔جلسۂ عزمِ وفا، برطانیہ میں کشمیریوں کی سیاسی بیداری، قومی وابستگی اور تنظیمی وحدت کی ایک جیتی جاگتی تصویر بن کر ابھرا۔