کشمیری تارکینِ وطن نے سیری درہ میں خدمتِ خلق کا روشن باب رقم کر دیا!

کشمیری تارکینِ وطن نے وطن سے محبت کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے سیری درہ میں ترقیاتی منصوبوں کی شاندار مثال قائم کی ہے۔

کشمیری تارکینِ وطن نےدیارِ غیر میں رہتے ہوئے بھی ثابت کیا ہے کہ ان کے دل اپنی دھرتی کے لیے دھڑکتے ہیں، امریکہ، برطانیہ اور دیگر ممالک میں مقیم کشمیری تارکین وطن نےآزاد کشمیر کے نواحی علاقے سیری درہ میں تعلیم، صحت، عبادات اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کروڑوں روپے کی لاگت سے کئی فلاحی منصوبے مکمل کر کے مثال قائم کر دی۔

یونین کونسل سیری درہ چٹھا میں “دی کریسنٹ چیریٹی فاؤنڈیشن” کے تحت قاضی مجیب، قاضی لطیف اور ان کی ٹیم کی نگرانی میں عوامی فلاح کے کئی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ علاقے میں عبادات کے لیے خوبصورت اور کشادہ مسجد اور وسیع عیدگاہ کی تعمیر کی گئی، جس نے مقامی لوگوں کو سہولت فراہم کی ساتھ ہی علاقے میں بنیادی طبی سہولیات کی شدید کمی کو دیکھتے ہوئے ایک میڈیکل سینٹر بھی قائم کیا گیا، جہاں مستحق مریضوں کو مفت علاج اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ خواتین کے لیے سلائی، کڑھائی اور دیگر ہنر سکھانے کے مراکز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ وہ معاشی خودمختاری حاصل کر سکیں۔

تعلیم کے میدان میں بھی قاضی برادران کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ سیری درہ کے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول کی خستہ حالی کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی جدید عمارت تعمیر کی گئی، معیاری فرنیچر فراہم کیا گیا، جس کے بعد اب بچے کھلے آسمان تلے نہیں بلکہ باعزت انداز میں کلاس رومز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

اسی طرح “ٹی سی ایف” (The Citizens Foundation) کے تحت قائم اسکول میں بچوں کو عالمی معیار کے مطابق تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مفت کتابیں، کاپیاں، دیگر ضروری تعلیمی سامان اور غریب طلبہ کے لیے مکمل فیس معافی جبکہ متوسط طبقے کے لیے معمولی فیس کے ذریعے بچوں کی عزتِ نفس کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

علاقے کے چار سے پانچ دیہات میں مزید خوبصورت مساجد بھی تعمیر کی گئی ہیں جہاں دینی تعلیم، نماز جمعہ اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کا باقاعدہ اہتمام کیا جا رہا ہے۔

واٹر سپلائی اسکیم کے تحت پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا مسئلہ بھی حل کر لیا گیا ہے، جس سے درجنوں گھرانے مستفید ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ یتیم بچوں، بیواؤں، نادار اور معذور افراد کے لیے ہر ماہ راشن اور مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

مقامی عمائدین اور عوام نے قاضی مجیب، قاضی لطیف اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومتِ آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ان محب وطن افراد کی خدمات کو سرکاری سطح پر سراہا جائے، انہیں اعزازات سے نوازا جائے اور ان کے جاری منصوبوں کے لیے حکومتی معاونت فراہم کی جائے، تاکہ دیگر مخیر حضرات کو بھی اس کارِ خیر میں شامل ہونے کی ترغیب ملے۔

قاضی برادران نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کا مقصد صرف اور صرف اپنے علاقے کی خدمت ہے اور وہ آئندہ بھی اسی جذبے سے عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ مقامی افراد کو امید ہے کہ ان اقدامات سے محرومیوں کا خاتمہ ہو گا اور دوسرے پسماندہ علاقوں تک بھی ترقی کا یہ سفر پہنچے گا۔

Scroll to Top