پولیس ملازمین کوئی احتجاج نہیں کررہے، افواہ سازوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی، ترجمان محکمہ پولیس

مظفرآباد:آزادکشمیر پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر پولیس پروفیشنل اور ڈسپلن فورس ہے جو ہمہ وقت عوام کی جان و مال عزت کی حفاظت اور ریاست کی داخلی سکیورٹی کیلئے تیار ہے۔ سوشل میڈیا پر احتجاج کی افواہیں گردش کر رہی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر آزاد کشمیر پولیس کی آج مورخہ 21جولائی کو تنخواہ اور الاؤنسز میں اضافہ نہ ہونے کی وجہ سے ہڑتال کی من گھڑت اور بے بنیاد خبریں گردش کر رہی ہیں۔

یہ افواہیں صرف اور صرف جمعیت پولیس پر سے عوام کا اعتماد ختم کرنے اور جمعیت پولیس کو اپنے فرائض سے گمراہ کرنے کی ایک منظم سازش ہے جس کے ذریعے شر پسند عناصر اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مطالبات کیلئے ہڑتال سے متعلق ترجمان پولیس آزاد کشمیر کا ردعمل آگیا

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پولیس کے سینئر آفیسران کی کاوشوں سے اور حکومت کی خصوصی دلچسپی سے جمعیت پولیس کی تنخواہ اور الاؤنسز میں اضافہ کیساتھ ساتھ عصری تقاضوں کے مطابق جدید ٹیکنالوجی ، گاڑیاں اور دیگر ضروریات بھی فراہم کی گئی ہیں ۔

تنخواہ اور الاؤنسز میں مزید اضافہ جات کے حوالہ سے بھی ہوم ورک مکمل ہو کر مجاز فورم پر منظوری کے مراحل میں ہے جو انشاء اللہ جلد تکمیل کو پہنچے گا جس کیلئے جمعیت پولیس حکومت اور انسپکٹر جنرل پولیس کی شکر گزار ہے۔

آج مورخہ 21جولائی کی ہڑتال سے جمعیت پولیس کا کوئی تعلق نہ ہے اس طرح کے افواہ ساز اور سازشی عناصر کے خلاف کارروائی ضابطہ عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top