احمد رضا قادری

مہاجرین کی نشستیں ختم کرنے کا مطالبہ ناقابل قبول ہے : احمد رضا قادری

باغ (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) وزیر اوقاف و مذہبی امور آزادکشمیر احمد رضا قادری نے کہا ہے کہ 10 لاکھ مہاجرین مقیم پاکستان مسئلہ جموں و کشمیر کے بنیادی فریق ہیں انہیں کسی آئینی، قانونی یا اخلاقی صورت حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ریاستی حقوق سے مہاجرین کی نشستوں سے متعلق مطالبہ قابل قبول ہے ۔ 

احمد رضا قادری نے کہا کہ مہاجرین مسئلہ کشمیر کا بنیادی جز و اور تاریخی شناخت ہیں ، ہم ریاست آزادجموں و کشمیر کے برابر وارث ہیں اگر مہاجرین کو مسئلہ کشمیر کے فریقین میں سے نکال دیں گے تو پھر استصواب رائے کی صورت میں یہ لوگ اپنے حق سے محروم ہو جائیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں سیاسی درجہ حرارت چڑھ گیا ، پیپلز پارٹی میں اندرونی اختلافات، ن لیگ کی جوڑ توڑ 

مہاجرین نے ریاست جموں و کشمیر کے لیے اپنے گھر بار چھوڑے ، مقبوضہ کشمیر سے پاکستان مقیم مہاجرین کی ہجرت سیاسی و فکری بنیادوں پر تھی ، 12 نشستیں مہاجرین مقیم پاکستان کیلئے مختص ہیں ، ہم آزادکشمیر پر بوجھ نہیں ہیں ، آزاد کشمیر ہمارا وطن ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کسی صورت مہاجرین کیخلاف کسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی نہ ہی آزادحکومت ایسے کسی مطالبہ کو پذیرائی بخش سکتی ہے ۔ آج آزادکشمیر بھر میں مہاجرین مقیم پاکستان کے حوالے سے چلنے والی بحث کا تاریختی پس منظر دیکھنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت فقط آزادکشمیر کی ہی نہیں بلکہ آزادریاست جموں وکشمیر کی نمائندہ حکومت ہے ، آزادکشمیر کو ہمارے اسلاف نےسیاسی و فکری بنیادوں پر آزاد کروایا تھا ، اس خطے کو آزادکروانے کا مقصد ایسی نمائندہ حکومت کا قیام یقینی بنانا تھا جس میں ریاست جموں و کشمیر کی تمام اکائیوں کو مساوی نمائندگی کے حقوق میسر آسکیں ۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں آئندہ حکومت مسلم لیگ ن بنائے گی : راجہ فاروق حیدر کا بڑا دعویٰ

آزادحکومت کے قیام کیلئےلاکھوں مہاجرین مقبوضہ علاقے سے ہجرت کر کے آزادکشمیر اور پاکستان میں آباد ہوئے ، کچھ مہاجرین 12ہزار کلو میٹر کے اس آزاد حصے پر آباد ہوئے جبکہ مہاجرین کی ایک کثیر تعداد پاکستان میں بھی آباد ہوئی ،ہمیں پاکستان کی شہریت اس وقت تک حاصل ہے جب تک ریاست جموں وکشمیر میں استصواب رائے کے بعد ریاست کے مستقبل کا فیصلہ نہیں ہو جاتا ۔

آج ہمارے بھائی ہمارے مخالف ہورہے، ہم نے کون سے وسائل کھائے ہیں؟ ہمیں دشمن کی ہر چال کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا، ہمارا اتحاد  ہی ہمارے ازلی دشمن بھارت کی ہر سازش کو ناکام بنا سکتا ہے ،  تحریک آزادی کشمیر کی کے منطقی انجام تک پہنچنے تک ہمیں اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے مطالبات میں الجھنے سے بچنا چاہیے جن کی وجہ سے تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو، ان خیالات کا اظہار وزیر اوقاف و مذہبی امور آزادکشمیر احمد رضا قادری نے باغ سجاد شہید پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر ڈائریکٹر اطلاعات راجہ امجد منہاس بھی موجود تھے ۔

Scroll to Top