پونچھ دریا میں طغیانی کا خدشہ: مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایت

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) بھارت کی جانب سے دریائے پونچھ میں پانی چھوڑنے کے باعث سطع آب میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے، جس کے پیش نظر دریا کے کنارے آباد شہریوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ دریائے پونچھ میں مقبوضہ کشمیر کی سمت سے ایک بڑا ریلہ متوقع ہے، جو کسی بھی وقت نیچے کی جانب بہہ سکتا ہے۔ گلپور ہائیڈرو پاور پلانٹ کی انتظامیہ کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت چند لمحوں میں ڈیم سے پانی چھوڑا جائے گا، جس سے نچلے علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔

ڈپٹی کمشنر کوٹلی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ گلپور ڈیم سے نیچے واقع علاقوں، بالخصوص نڑوچھ، گلپور، ناڑ، راجدھانی، پلاک اور ملحقہ آبادیوں کے رہائشی حضرات، دریائے پونچھ کے کنارے یا قریبی مقامات پر ہرگز نہ جائیں۔

موسمی حالات بھی صورتحال کو مزید نازک بنا رہے ہیں، کیونکہ مون سون کے موجودہ اسپیل میں کہیں دھوپ اور کہیں شدید بارش ہو رہی ہے۔ ایسے میں دریا، ندی نالوں اور برساتی نالوں کے قریب جانا نہایت خطرناک ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راول ڈیم میں پانی کی سطح بلند، اسپِل ویز کھول دیے گئے

انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنی اور اپنے پیاروں کی جان کی حفاظت کے لیے مکمل احتیاط برتیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

Scroll to Top