نیویارک کے ایک طبی مرکز میں ایم آر آئی مشین کے باعث ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک 61 سالہ شخص ہلاک ہو گیا۔ واقعہ ویسٹبری کے “نساؤ اوپن ایم آر آئی” سینٹر میں بدھ کی دوپہر پیش آیا، جب ایک شخص دھاتی چین پہنے بغیر اجازت ایم آر آئی روم میں داخل ہوا اور اچانک مشین کی طاقتور کشش کی زد میں آ گیا۔
لانگ آئی لینڈ میں واقع نساؤ کاؤنٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق، مذکورہ شخص مشین کے چلنے کے دوران کمرے میں داخل ہوا اور اس کی دھاتی چین ایم آر آئی کی مقناطیسی قوت کے زیرِ اثر آ گئی۔ مشین نے اسے اپنی طرف کھینچ لیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ متاثرہ شخص کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ اگلے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
رپورٹس کے مطابق ایم آر آئی مشینیں انتہائی طاقتور میگنیٹک فیلڈ پیدا کرتی ہیں، جو انسانی جسم کے اندرونی مناظر حاصل کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ اس وجہ سے مشین کے قریب کسی بھی قسم کی دھات لے جانا نہایت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے اس واقعے کے بعد ایک بار پھر عوام کو متنبہ کیا ہے کہ ایم آر آئی روم میں داخل ہونے سے قبل تمام دھاتی اشیاء، زیورات، ایمپلانٹس یا کوئی بھی دھاتی پرزہ ہٹانا لازم ہے۔ اسپتالوں میں عمومی طور پر مریضوں کو مخصوص لباس پہننے اور ہر طرح کی دھات سے پاک ہونے کی ہدایت دی جاتی ہے، تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں مون سون کا چوتھا اسپیل شروع، آزاد کشمیر سمیت کئی علاقوں میں بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ حفاظتی اقدامات کے حوالے سے ممکنہ کوتاہیوں کا پتہ چلایا جا سکے۔