مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل):آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے 25 جولائی تک شدید بارشوں، طوفانی ہواؤں، لینڈ سلائیڈنگ اور اربن فلڈنگ سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں اس وقت سندھ اور بالائی علاقوں میں داخل ہو چکی ہیں اور 20 جولائی سے وسطی و بالائی علاقوں میں شدت اختیار کریں گی۔ ساتھ ہی 21 جولائی کو ایک نیا مغربی سسٹم بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر کی صورتحال:
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 سے 25 جولائی کے دوران آزاد کشمیر کے اضلاع نیلم ویلی، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ ان بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آنے کا خدشہ ہے، جس کے باعث سڑکوں کی بندش بھی ممکن ہے۔
گلگت بلتستان:
21 سے 26 جولائی کے دوران دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا:
21 سے 25 جولائی کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، پشاور، چارسدہ، مردان، صوابی، کرم، ہنگو اور دیگر اضلاع میں بارش، بعض علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد:
20 سے 25 جولائی کے دوران راولپنڈی، اسلام آباد، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، بھکر، ننکانہ صاحب، ساہیوال، اوکاڑہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش ہو سکتی ہے۔ 21 سے 25 جولائی کے دوران لاہور، گوجرانوالہ، ساہیوال، سارجودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، پشاور، نوشہرہ اور راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
سندھ:
18 تا 20 جولائی کے دوران کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، بدین، مٹیاری، ٹھٹھہ، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، گھوٹکی، لاڑکانہ، سکھر، دادو، کشمور اور دیگر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان:
18، 19، 22 تا 25 جولائی کے دوران لسبیلہ، آوران، خضدار، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، قلات، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، بارکھان اور کوئٹہ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ممکنہ خطرات:
21 سے 25 جولائی کے دوران کشمیر، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، فیصل آباد، اوکاڑہ، پشاور اور نوشہرہ میں شہری سیلاب (Urban Flooding) کا امکان ہے۔گرج چمک، آندھی اور شدید بارش سے کمزور عمارتیں، کھمبے، سائن بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 5 طیارے گرنے سے متعلق راہول گاندھی کا مودی سے سچ سامنے لانے کا مطالبہ
محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں، مسافروں اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔