مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل نیوز) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر اور سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ 19 جولائی کا دن کشمیری عوام کی پاکستان سے گہری وابستگی ، امیدوں اور محبت کی یاد دلاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے 1947 میں اسی روز پاکستان سے الحاق کا فیصلہ کیا تھا جو آج بھی ان کے دلوں میں زندہ ہے ۔ اپنے خصوصی پیغام میں سردار نیازی نے کہا کہ بھارتی مظالم کے باوجود مقبوضہ کشمیر کے عوام آج بھی پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ یہ فیصلہ جموں و کشمیر کے لاکھوں مسلمانوں کی امنگوں اور خواہشات کا ترجمان تھا، جو وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: آئندہ انتخابات میں بڑا سرپرائز دیں گے : سردارعبدالقیوم نیازی کا دعویٰ
انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دور حکومت میں کشمیریوں کے حق میں بے باکی سے آواز بلند کی اور یہی واضح کرتا ہے کہ صرف ایک مستحکم ، سیاسی و معاشی طور پر مضبوط پاکستان ہی کشمیریوں کے لیے آزادی کی امید بن سکتا ہے ۔ عبد القیوم نیازی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی حق ، حقِ خود ارادیت ، دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے ظلم و جبر، تشدد اور انسانی حقوق کی پامالیوں کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ حریت میں کمی نہیں آئی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں کی ایک طویل داستان رقم ہو چکی ہے ، جو آج بھی جاری ہے ۔ وقت آ گیا ہے کہ حکومت پاکستان آگے بڑھے ، ایک مؤثر کشمیر پالیسی مرتب کرے اور عالمی سطح پر کشمیریوں کا بھرپور مقدمہ لڑے ۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی گہرا سمندر ، کسی کے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سردار عبدالقیوم نیازی
آخر میں سردار نیازی نے خبردار کیا کہ مسئلہ کشمیر خطے کے امن کے ساتھ جڑا ہوا ہے ۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان تصادم کا خطرہ کم ہو اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام عمل میں لایا جا سکے ۔