سید ذیشان

سڑکیں سیاسی رشوت نہیں، عوام کا حق ہیں ، عدالتِ عالیہ کا فیصلہ خوش آئند اور اصلاحی پیشرفت ہے : ذیشان حیدر

ہٹیاں بالا(کشمیر ڈیجیٹل نیوز)نائب صدر پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر و امیدوار قانون ساز اسمبلی سید ذیشان حیدر نے آزادکشمیر کی عدالتِ عالیہ کی جانب سے سڑکوں کی سیاسی بنیادوں پر تقسیم کے خلاف فیصلے کو خوش آئند، اصولی اور ریاستی نظام میں اصلاح کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے ۔

ذیشان حیدر نے اپنے بیان میں کہا یہ افسوس ناک حقیقت ہے کہ ہمارے حلقے میں ترقیاتی منصوبے، خصوصاً سڑکوں کی تعمیر، عوامی ضرورت یا میرٹ کی بنیاد پر نہیں بلکہ سیاسی وفاداریاں تبدیل کروانے کے لیے بطور سیاسی رشوت’ استعمال کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: کھلانا راجپورلینڈ سلائیڈنگ کی زد میں، زمینی رابطہ منقطع،ذیشان حیدر بحالی کیلئے سرگرم

متعدد افراد سے ان کی عزتِ نفس کو پامال کر کے، ان کے سیاسی نظریے کا سودا کروایا گیا ، اور انہیں محض ایک سڑک کے بدلے وفاداری بدلنے پر مجبور کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کسی فردِ واحد یا سیاسی گروہ کا احسان نہیں بلکہ عوام کا آئینی، قانونی اور اخلاقی حق ہے ۔

اس حق کو مفاد پرستی ، سیاسی انتقام یا اثر و رسوخ کے ذریعے تقسیم کرنا عوامی اعتماد کے ساتھ سنگین خیانت کے مترادف ہے ۔ ذیشان حیدر نے مزید کہا کہ حالیہ شدید بارشوں نے ان منصوبوں کی قلعی کھول دی ہے جو بغیر منصوبہ بندی ، ناقص مٹیریل ، اور سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے تھے ۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی بھرتیوں پر عدالت کا تاریخی فیصلہ: ذیشان حیدر کا انصاف و میرٹ کی فتح پر اظہار تشکر

کئی سڑکیں، جو محض ذاتی پسند و ناپسند پر تعمیر کی گئیں ، بارشوں کے سامنے ایک دن بھی نہ ٹھہر سکیں ۔ اس سے یہ بات واضح ہو گئی کہ ان میں نہ معیار تھا ، نہ نیت ۔ انہوں نے عدالت کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم آزادکشمیر کی عدالتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو آج معاشرتی اصلاح، شفافیت اور قانون کی بالادستی کے لیے جرأت مندانہ کردار ادا کر رہی ہیں ۔

Scroll to Top