ہٹیاں بالا (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سینئر نائب صدر صاحبزادہ محمد اشفاق ظفر ایڈووکیٹ نے وطن کے عظیم سپوت میجر رب نواز گیلانی شہید کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کی قربانی قوم کے لیےمشعلِ راہ ہے ۔
صحافیوں سے گفتگو میں اشفاق ظفر نے شہید کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد کا یہ سپوت پوری کشمیری قوم کا ہیرو ہے، جس کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتاہے ، ہمیں میجر رب نواز گیلانی کی شہادت پر فخر ہے ، ان جیسے بہادر افسران کی قربانیوں کی بدولت آج دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل چکے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم چوہدری انوار الحق تعلیمی پیکج کے تحت پسماندہ علاقوں کو ترجیح دیں، صاحبزادہ اشفاق ظفر
پاک فوج کی لازوال قربانیوں نے وطن عزیز کو دہشت گردی کے اندھیروں سے نکال کر امن کے راستے پر گامزن کیا ہے ، آزاد کشمیر کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے، کشمیری عوام پاک فوج کو اپنا محافظ ، افتخار اور مان سمجھتے ہیں ، ہر کشمیری دل پاک فوج کے ہر سپاہی کے ساتھ دھڑکتا ہے اور جب کوئی جوان شہید ہوتا ہے تو پورا کشمیر سوگوار ہو جاتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب میجر رب نواز گیلانی شہید جیسے جوانوں کے مقروض ہیں جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کر دیا، صاحبزادہ اشفاق ظفرنے عالمی دنیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر دنیا امن ، استحکام اور قربانی کا حقیقی چہرہ دیکھنا چاہتی ہے تو وہ پاکستانی فوج اور کشمیری عوام کی یکجہتی کو دیکھے ۔
یہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی کی سیاست میں انٹری ،تبدیلی یا پرانی سیاست کی نئی شکل؟ اشفاق ظفر
اشفاق ظفر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں ، قربانیوں اور حب الوطنی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہماری امید ، ہماری طاقت اور ہمارے دفاع کی پہلی لائن ہے ، ہم ہر میدان میں اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور زندگی کی آخری سانس تک کھڑے رہیں گے ۔




