ترجمان

مطالبات کیلئے ہڑتال سے متعلق ترجمان پولیس آزاد کشمیر کا ردعمل آگیا

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) ترجمان پولیس آ زاد کشمیر کی طرف سے اپنے مطالبات کے لیے کسی بھی قسم کی ہڑتال سے متعلق ردعمل آگیا ۔

گزشتہ روز کسی نامعلوم شخص/اشخاص کی جانب سے جمعیت پولیس آزاد کشمیر کے نام سے ایک فیک پوسٹ اپلوڈ کی گئی کہ جمعیت پولیس چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد نہ ہونے پر 21 جولائی کو کام چھوڑ ہڑتال کر رہی ہے ۔ محکمہ پولیس آزاد کشمیر نے اس خلاف حقائق اور بے بنیاد پوسٹ سے قطعی طور پر لاتعلقی کا اظہار کیا ہے ۔

محکمہ پولیس بنیادی طور پر ایک ڈسپلن فورس ہے اور ڈسپلن فورس ہونے کے ناطے محکمہ میں موجود تمام افسران ماتحت سٹاف اپنے فرائض منصبی سے مکمل طور پر آگاہ ہیں ، فرائض منصبی کی ادائیگی میں کمی ، تسائل، غفلت اور غیر ذمہ داری مس کنڈکٹ کے زمرے میں آتی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر پولیس کے دو ملازمین جعلی سازی کے الزام میں نوکری سے فارغ

ملازمین پولیس کے جائز مطالبات کے حوالہ سے مکمل ضابطہ کار موجود ہے ، اس مروجہ طریقہ کے عین مطابق ملازمین پولیس اپنے مسائل اور مطالبات بالا حکام تک پہنچانے کے پابند ہیں ۔

آزاد کشمیر پولیس کی فلاح و بہبود کے حوالہ سے ملازمین کو کسی شر پسند /اشخاص یا کسی سیاسی /غیر سیاسی جماعت /تنظیم کی ہمدردی کی ضرورت نہیں ہے ۔

آزاد کشمیر پولیس کی فلاح و بہبودمحکمہ پولیس کی لیڈر شپ کی ذمہ داری ہے ،یہ ذمہ داری لیڈر شپ بہتر طور پر سرانجام دے رہی ہے ، آزاد کشمیر پولیس کے سپاہی اور حوالدار کی تنخواہ سے آج بھی زیادہ ہے ۔

آزاد کشمیر پولیس اور آزاد کشمیر کے دیگر محکمہ جات کے ملازمین کے گریڈ وائز الاؤنسز میں موجود تفاوت کو دور کرنے کے سلسلہ میں مرکزی دفتر پولیس سے تحریک /گزارشات حکومت آزاد کشمیر کو ارسال کی گئی ہیں جو متعلقہ فورم پر زیر کار ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا پر تنخواہوں میں تفاوت پر جاری بحث ، محکمہ پولیس آزادکشمیر کا انتباہ جاری

جمعیت پولیس آزاد کشمیر کا نام استعمال کر کے سوشل میڈیا پر فیک پوسٹیں لگانے والے اور ملازمین پولیس کی تنخواہوں کو بنیاد بنا کر ملازمین میں اشتعال پیدا کرنے کی ناکام کوشش کرنے والے عناصر کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

اس مذموم کمپین میں محکمہ پولیس آزاد کشمیر کا کوئی ملازم ملوث پایا گیا تو ایسے ملازم کے خلاف E&D رولز کے تحت سخت محکمانہ تادیبی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے محکمہ کو ایسی کالی بھیڑوں سے پاک کیا جائے گا۔

Scroll to Top