پاکستانی حج و عمرہ زائرین کیلئے خوشخبری: اخراجات میں نمایاں کمی کا امکان

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی ٹریول اور ہاسپیٹیلٹی کمپنیوں کے 4 کروڑ ڈالر فنڈ سے پاکستانی زائرین کے حج و عمرہ اخراجات میں 50 ہزار روپے تک کمی متوقع ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 15 ارب روپے بنتی ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ سعودی کمپنیوں کے اس اقدام سے پاکستانی عازمین کو مالی ریلیف ملے گا اور سہولیات میں بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے 63 ہزار افراد کے حج پر نہ جانے کے معاملے کی ابتدائی رپورٹ مسترد کر دی ہے اور اب ایک نئی کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اسلام آباد میں نظام صلوٰۃ کا کلینڈر جاری کیا جائے گا، جبکہ ایران، عراق اور شام جانے والے زائرین کو حج اور عمرہ کی طرز پر گروپوں کی شکل میں بھیجا جائے گا۔ اس موقع پر شیعہ علماء کونسل کے وفد نے بھی وزیر مذہبی امور سے ملاقات کی، جس میں ملک میں امن و امان کے قیام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی بھرتیوں پر عدالت کا تاریخی فیصلہ: ذیشان حیدر کا انصاف و میرٹ کی فتح پر اظہار تشکر

وزیر مذہبی امور نے سعودی کمپنیوں کے کنسورشیم کی جانب سے اعلان کردہ فنڈ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم قدم ہے جو پاکستانی زائرین کے اخراجات میں عملی کمی اور سہولیات میں بہتری کا باعث بنے گا۔

Scroll to Top