وادی لیپہ: پاک بھارت کشیدگی پر آل پارٹیز الائنس کا چودہ نکاتی چارٹر، فوری عملدرآمد کا مطالبہ

(کشمیر ڈیجیٹل) وادی لیپہ میں آل پارٹیز الائنس نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی مسلسل جارحانہ دھمکیوں کے تناظر میں دوبارہ ابھرتی پاک بھارت کشیدگی کے خطرناک نتائج پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ پاکستان اور حکومتِ آزاد کشمیر کو متنبہ کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے تیرہ انتخابی حلقوں میں بسنے والی ہزاروں انسانی جانوں کو محفوظ بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

آل پارٹیز الائنس کے چیئرمین اور امیدوار اسمبلی حلقہ سات، شوکت جاوید میر نے بھارتی قیادت کی طرف سے “آپریشن سندھور” جاری رکھنے کے اعلان اور غیر معمولی نقل و حرکت کی اطلاعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایک چودہ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر ہنگامی بنیادوں پر عمل درآمد کیا جائے، جس میں بینکرز کی تعمیر، بنیادی انفراسٹرکچر، تعلیم، صحت، ادویات، غلہ کی فراہمی اور ڈاکٹروں کی فوری تعیناتی شامل ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ ریٹائرڈ فوجیوں اور نوجوانوں پر مشتمل ڈیفنس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نیشنل کیڈٹ کور (NCC) اور فرسٹ ایڈ کی تربیت لازمی قرار دی جائے۔

شوکت جاوید میر نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بسنے والے شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق اور سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کیا جائے اور اس کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایک سال کے لیے یوٹیلیٹی بلات معاف کیے جائیں اور تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو فیسوں میں مکمل چھوٹ دی جائے تاکہ اعتماد سازی کے عمل کو تقویت ملے۔

محکمہ سیاحت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شوکت جاوید میر نے اسے “سفید ہاتھی” قرار دیا اور کہا کہ اس کی کارکردگی دیگر تمام نااہل محکموں سے بھی بدتر ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس کا بجٹ ہنگامی حالات کیلئے کسی مؤثر محکمہ کو منتقل نہ کیا گیا تو یہ بھی فائلوں اور ورکشاپوں کی نذر ہو جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وادی لیپہ کے عوام فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں بھارتی جارحیت کے خلاف مکمل تیاری میں ہیں اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ اپنی جانیں قربان کرنا اپنا ایمان سمجھتے ہیں۔

انہوں نے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر، ٹین کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز مرزا، کمانڈنگ آفیسر چنار ڈویژن میجر جنرل عرفان، کمانڈنگ آفیسر لیپہ گارڈز برگیڈیئر عامر فرید خان سمیت تمام فوجی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عوام کی حفاظت اور فلاح کیلئے نئی تاریخ رقم کی ہے۔

شوکت جاوید میر نے وزیراعظم چوہدری انوار الحق سے مطالبہ کیا کہ وہ لائن آف کنٹرول کے مضافاتی علاقوں کا ہنگامی دورہ کریں، تاکہ عوامی حوصلہ مزید بلند ہو۔ انہوں نے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ کی مدد سے پاکستان نے بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کی تو سپہ سالار نے پانڈو سیکٹر میں موجودگی سے عوام کے جذبات کو کوہ ہمالیہ جیسی قوت میں بدل دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام دشمن معاشی بم ہے: پی ٹی آئی آزاد کشمیر

آخر میں انہوں نے کہا کہ وادی لیپہ کے عوام کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے محکوم عوام کی آزادی ان کی زندگی کا مقصد ہے۔ امسال یومِ آزادی پاکستان منفرد اور شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا، تاکہ بھارت کے ایوانوں میں لرزہ طاری ہو جائے۔

Scroll to Top