چیمپئنز ٹرافی،فخرزمان کا اوپننگ پارٹنربابر یاسعود میں سے کوئی ہوگا،سلیکٹر 

چیمپئنز ٹرافی میں فخر زمان کا اوپننگ پارٹنربابر اعظم یا سعود شکیل میں سے کوئی ہوگا، سلیکٹر اسد شفیق نے کہا ہے کہ اوپننگ پلیئر کا انحصار کنڈیشنز، حریف ٹیم اور میچ کی حکمت عملی پر ہوگا، فخر کی واپسی ٹاپ آرڈر کے لئے حوصلہ افزا ہے، ان کا جارحانہ انداز اور میچ جیتنے کی صلاحیتیں ٹیم کے کام آئیں گی۔

اسد شفیق نے کہا کہ سعود شکیل کو بیٹنگ کو مزید تقویت دینے اور ٹیسٹ کرکٹ میں عمدہ فارم سے فائدہ اٹھانے کیلئے منتخب کیا گیا، وہ تجربہ کار، ذہین اور سمجھ بوجھ والے بیٹر ہیں۔

صائم ایوب کو ٹخنے کی انجری کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا، ہم ان کی جلد صحتیابی کے لیے پر امید ہیں، ہم جلد بازی میں فیصلہ کرنے کے بجائے ان کی طویل مدتی صحت کو ترجیح دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹرز نے ہر فارمیٹ کیلئے موزوں کرکٹرز کے انتخاب کا طریقہ اپنانا جاری رکھا، چیمپئنز ٹرافی کیلئے ہماری توجہ ایسے کھلاڑیوں کے انتخاب پر مرکوز رہی جنھوں نے ڈومیسٹک مقابلوں میں مستقل طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

اسد شفیق نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف ٹرائنگولر سیریز سے ٹیم کو تیاری کا موقع ملے گا، اسکواڈ نوجوان اور تجربے کار پلیئرز کا امتزاج ہے، کپتان کے پاس ورسٹائل آپشنز موجود ہوں گے۔

 

Scroll to Top