جسٹس خواجہ محمد نسیم نے بطور قائم مقام چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد کشمیر حلف اٹھا لیا

(کشمیر ڈیجیٹل): سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے سینئر جج جسٹس خواجہ محمد نسیم نے بطور قائم مقام چیف جسٹس اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ان سے حلف سپریم کورٹ کے جج جسٹس رضا علی خان نے لیا۔

حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر کی لابی میں منعقد ہوئی جس میں ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس سردار لیاقت حسین، ہائی کورٹ کے جج جسٹس سید شاہد بہار اور سابق چیف جسٹس ہائی کورٹ جسٹس صداقت حسین راجہ سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں متروکہ وقف املاک کے متولی، سیکریٹری جنرل و افسران سپریم کورٹ و ہائی کورٹ بار، بار کونسل کے افسران، مرکزی بار مظفرآباد کے صدر و افسران، چیئرمین اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو، چیئرمین ماحولیاتی ٹربیونل، سروس ٹربیونل کے ممبر، حج الیکشن ٹربیونل، ضلعی حج مظفرآباد، ضلعی قاضی مظفرآباد، لاء کمیشن کے ممبران، لاء افسران، موجودہ و سابق افسران و ممبران بار کونسل، سیکریٹری لاء، رجسٹرار سپریم کورٹ اور سینئر وکلاء کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا۔ بعد ازاں، محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور کے سیکریٹری نے قائم مقام چیف جسٹس کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں چکن ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم، انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب

واضح رہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس راجہ سعید اکرم خان نجی دورے پر بیرون ملک روانہ ہو چکے ہیں اور ان کی غیر موجودگی میں جسٹس خواجہ محمد نسیم آئینی ذمہ داریاں بطور قائم مقام چیف جسٹس ادا کریں گے۔

Scroll to Top