مظفرآباد میں چکن ایسوسی ایشن کی ہڑتال ختم، انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب

دارالحکومت مظفرآباد میں چکن ایسوسی ایشن اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، جس کے بعد چکن فروشوں نے جاری شٹر ڈاؤن ہڑتال ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چکن ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں مظفرآباد کی سب سے بڑی چکن مارکیٹ سمیت متعدد دکانیں بند کر کے شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا تھا، جس کے باعث عوام کو چکن کی دستیابی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صارفین کی نمائندہ تنظیموں نے مرغ فروشوں کی من مانیاں، مصنوعی قلت، بلاجواز نرخ اور بار بار ہڑتال پر سخت ردِعمل ظاہر کیا تھا۔

صورتحال کے پیشِ نظر چکن ایسوسی ایشن کے صدر راجہ آصف کی قیادت میں وفد نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) مظفرآباد سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات کمشنر مظفرآباد ڈویژن کی خصوصی ہدایت پر عمل میں آئی۔ ملاقات کے دوران راجہ آصف نے مارکیٹ کے دیرینہ مسائل، قیمتوں کے تعین، منافع خوری کے الزامات اور انتظامی رویے پر اپنے تحفظات پیش کیے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نے مسائل کو سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ تمام نکات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، اور اس کے لیے سات روز کی مہلت طلب کی گئی ہے تاکہ تمام فریقین کی مشاورت سے پائیدار حل نکالا جا سکے۔

مذاکرات کے اختتام پر چکن ایسوسی ایشن کے صدر راجہ آصف نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا:”ہم انتظامیہ، بالخصوص کمشنر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری بات سنی اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ ہم آئندہ بھی عوام کو معیاری اور مناسب نرخ پر چکن فراہم کرتے رہیں گے۔”

یہ بھی پڑھیں: نادرا کی نئی سہولت: فنگر پرنٹس کے بغیر شناختی کارڈ اور سم کی تصدیق ممکن

مذاکرات کی کامیابی کے بعد چکن مارکیٹیں دوبارہ کھل گئی ہیں اور معمول کی تجارتی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں۔ شہریوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ آئندہ انتظامیہ اور کاروباری حضرات مل کر مسائل کو بغیر ہڑتال کے حل کریں گے۔

 

Scroll to Top