آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں مون سون کی وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں نے شدید حبس اور گرمی کا زور توڑ دیا ہے، جبکہ شہریوں نے موسم خوشگوار ہونے پر سکھ کا سانس لیا ہے۔ مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، نیلم ویلی، ہٹیاں بالا، پٹہکہ، دھیرکوٹ اور لیپہ ویلی سمیت متعدد مقامات پر ہلکی سے درمیانی اور بعض مقامات پر تیز بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
بارش کے باعث جہاں موسم خوشگوار ہوا، وہیں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں برساتی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ دیکھا گیا ہے، خاص طور پر وادی نیلم اور لیپہ کے کچھ مقامات پر سڑکوں کی بندش کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کلیئرنس کا کام جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 17 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، اور اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے۔ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ نچلے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حالیہ مون سون بارشوں کے دوران آزاد کشمیر میں ایک شہری جاں بحق ہوا، جبکہ کئی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اب تک مون سون سے متاثرہ حادثات میں 111 افراد جاں بحق اور 212 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے 55 کا تعلق خیبرپختونخوا اور 111 پنجاب سے ہے۔
رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران مکانات گرنے کو اموات کی سب سے بڑی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی بعض پہاڑی علاقوں میں کچے گھروں اور خستہ حال عمارات کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے امدادی ٹیموں کو الرٹ کر دیا ہے اور خطرناک مقامات کی نشاندہی بھی کر دی گئی ہے۔
مزید برآں، این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شمال مشرقی بلوچستان، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور پنجاب کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر میں بھی ندی نالوں میں طغیانی اور زمین کھسکنے کا خطرہ موجود ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں حالیہ دنوں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ نے لارڈز ٹیسٹ میں بھارت کو 22 رنز سے شکست دے دی
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارشوں کے دوران نشیبی علاقوں میں سفر نہ کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ضلعی کنٹرول روم سے فوری رابطہ کریں۔