رشوت کے الزام میں معطل جونئیر کلرک آصف ریاض پر مزید 13 لاکھ روپے وصولی کا الزام سامنے آگیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر بھمبر نے معاملے کی انکوائری کا حکم جاری کر دیا ہے۔
ترجمان ڈپٹی کمشنر آفس بھمبر کے مطابق معطل شدہ محکمہ مال، تحصیلدار آفس بھمبر کے جونئیر کلرک آصف ریاض کے خلاف رشوت کے الزامات کی انکوائری جاری ہے۔ اس دوران برنالہ سے تعلق رکھنے والے ایک سائل محمد انور نے بیانِ حلفی کے ساتھ ڈپٹی کمشنر بھمبر کو تحریری درخواست دی ہے کہ مذکورہ کلرک نے زمین کے کاغذات مکمل کرنے کے لیے 13 لاکھ روپے رشوت لی، مگر کام تاحال مکمل نہیں کیا گیا۔
سائل کے مطابق، ابتدائی طور پر 8 لاکھ روپے برنالہ میں دو گواہان کی موجودگی میں ادا کیے گئے، جس کے بعد کلرک نے بتایا کہ زمین کے کاغذات کا مسئلہ پیچیدہ ہے کیونکہ اس میں کوٹلی، میرپور اور جہلم کے افراد بھی شامل ہیں، جنہیں ادائیگی کرنی ہے۔ اس جواز پر مزید 5 لاکھ روپے وصول کیے گئے۔
سائل کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر بھمبر نے اسسٹنٹ کمشنر برنالہ کو انکوائری آفیسر مقرر کرتے ہوئے 14 روز کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سماہنی میں پی ٹی آئی کارکنوں کا بڑا مشاورتی اجلاس، تنظیم نو اور الیکشن تیاریوں پر اتفاق
ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری حق نواز نے اس حوالے سے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے ویژن کے مطابق عوام کو ہر صورت ریلیف دیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جو سرکاری عناصر رشوت جیسی لعنت میں ملوث پائے جائیں گے، ان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے عناصر کی وجہ سے سائلین اور عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔