پاکستان تحریک انصاف تحصیل سماہنی کے کارکنان کی طویل خاموشی کے بعد مغل مارکی میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں اوورسیز پی ٹی آئی کارکنان کی سوشل میڈیا مہم کے بعد مختلف علاقوں سے کارکنان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
اجلاس کا محور تحصیل سطح پر پی ٹی آئی کی ازسر نو تنظیم سازی، چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے جاری تحریک میں فعال شرکت اور آئندہ عام انتخابات کی تیاری تھا۔ کارکنان نے اتفاق کیا کہ آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف کے نامزد امیدوار کو بھرپور سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں حلقہ سماہنی سے چوہدری علی شان سونی کو تحریک انصاف کا ٹکٹ ملا تھا اور وہ ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے، تاہم بعد ازاں وہ پارٹی سے منحرف ہو کر پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے، جس کے بعد حلقے میں تحریک انصاف شدید انتشار کا شکار ہو گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عباس پور میں برابری کی بنیاد پر تبدیلی لائیں گے:سردار امجد یوسف کی پریس کانفرنس
اب مقامی سطح پر بغیر کسی لیڈر کے منعقد ہونے والے اس بڑے اجتماع کو تحریک انصاف کی سماہنی میں واپسی کی ایک سنجیدہ کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں شریک کارکنان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی سے غداری کرنے والوں کو ووٹ کی طاقت سے جواب دیا جائے گا اور حلقہ سماہنی میں پی ٹی آئی دوبارہ قوت بن کر ابھرے گی۔




