نیوجرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ہونے والے کلب ورلڈ کپ کے فائنل میں چیلسی نے پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کو 0-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا، تاہم میچ سے پہلے اور دوران ہونے والی رنگا رنگ تقریبات سپر بول کا رنگ دے رہی تھیں۔
فائنل سے قبل فوجی سلامی، فلائی اوور، روبی ولیمز اور لاورا پاؤزینی کی پرفارمنس، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی اور مشہور شخصیات کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا۔
میچ آٹھ منٹ تاخیر سے رات 8:08 بجے شروع ہوا۔ کِک آف سے قبل امریکی رِنگ اناؤنسز مائیکل بفر کا “Let’s get ready to rumble!” کا نعرہ بھی شامل تھا۔
میچ کے دوران ہاف ٹائم میں فیفا کا پہلا ہاف ٹائم شو بھی پیش کیا گیا جس میں کولڈ پلے کے کرس مارٹن، جے بالوِن، ڈوجا کیٹ اور ٹیمز نے پرفارم کیا۔ 40,000 پاؤنڈ کا اسٹیج اسٹیڈیم کی چھت کے نیچے بنایا گیا تاکہ میدان کو نقصان نہ پہنچے۔ اس شو کے باعث دوسرے ہاف کا آغاز 24 منٹ تاخیر سے ہوا۔
سکیورٹی انتہائی سخت تھی، کیونکہ یہ میچ صدر ٹرمپ پر حملے کی پہلی برسی کے دن ہوا۔ خفیہ سروس کے اہلکار اور چھت پر سنائپرز تعینات تھے۔
اختتامی تقریب کے آغاز میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی دیکھنے میں آئی، تاہم بعد ازاں ماحول پر سکون ہو گیا اور انعامات کی تقسیم کا مرحلہ شروع ہوا۔ اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو نے کھلاڑیوں کو ایوارڈز دیے۔ چیلسی کے کول پالمر کو شاندار کارکردگی پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، جبکہ ریال میڈرڈ کے گونزالو گارشیا کو سب سے زیادہ گول کرنے پر ٹاپ اسکورر کا ایوارڈ دیا گیا۔ پی ایس جی کے ڈیزائر ڈوے کو بہترین نوجوان کھلاڑی اور چیلسی کے گول کیپر رابرٹ سانچیز کو بہترین گول کیپر کے اعزاز سے نوازا گیا۔
صدر ٹرمپ نے چیلسی کے کپتان ریس جیمز کو ٹرافی پیش کی۔ خاص بات یہ تھی کہ فیفا کے مطابق یہ ٹرافی خلا میں بھیجی گئی گولڈن ریکارڈز سے متاثر ہو کر بنائی گئی ہے اور اسے صرف فیفا صدر کے پاس موجود خصوصی چابی سے کھولا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف حصوں میں بارش، حادثات میں اموات، سیلاب کے خطرات بڑھ گئے
تقریب کا اختتام جیمز کے ٹرافی بلند کرنے اور شاندار جشن کے ساتھ ہوا – یہ میچ بلاشبہ صرف کھیل ہی نہیں بلکہ ایک مکمل شو تھا۔




