لاہور کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر بھی مسافر کے بدل جانے کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نجی پاکستانی ایئرلائن کے مسافر کو غیر ملکی ایئرلائن نے غلطی سے اپنا بورڈنگ کارڈ جاری کر دیا جس کے باعث وہ اصل پرواز سے رہ گیا۔
ذرائع کے مطابق کراچی سے دبئی جانے والا پاکستانی مسافر عارف علی ایئرپورٹ پر غلطی سے غیر ملکی ایئرلائن کے بریفنگ کاؤنٹر پر پہنچ گیا۔ عملے نے ٹکٹ کی جانچ کیے بغیر اسے شارجہ جانے والی پرواز 547 کا بورڈنگ کارڈ جاری کر دیا۔ غلط بورڈنگ کارڈ ملنے کے باوجود عارف علی امیگریشن کلیئر کروا کر ڈپارچر لاؤنج پہنچ گیا۔ بعد ازاں، شارجہ کی اصل پرواز کا مسافر جس کا نام بھی عارف علی تھا، وہاں پہنچا تو ایئرلائن عملے کو اپنی کوتاہی کا اندازہ ہوا۔ انہوں نے فوری طور پر پاکستانی مسافر کو روک کر بورڈنگ کارڈ واپس لے لیا۔
اسی دوران پاکستانی نجی ایئرلائن کی دبئی پرواز PA-110 کی بورڈنگ مکمل ہو چکی تھی اور فلائٹ بند ہو گئی۔ پرواز کی بندش کے بعد ایئرلائن نے مسافر کو سوار کروانے سے انکار کر دیا، یوں وہ دبئی جانے سے محروم رہ گیا۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق متاثرہ مسافر عارف علی ایک ان پڑھ مزدور ہے جس کے پاس نیا ٹکٹ خریدنے کے لیے رقم بھی موجود نہیں تھی۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے باوجود نہ تو سول ایوی ایشن اتھارٹی اور نہ ہی ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ شہداء کشمیر آج دنیا بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
حکام کا کہنا ہے کہ دو ایک جیسے ناموں کے باعث ایئرلائن کے عملے سے یہ غلطی سرزد ہوئی، جس کا خمیازہ ایک غریب مسافر کو بھگتنا پڑا۔




