مظفرآباد : سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) نے جنوری 2025 میں آزاد کشمیر میں معذور افراد کیلئے ایک نمایاں اور انقلابی اقدام کے تحت پہلا فری لانسنگ ہب قائم کر دیا ہے ۔
اس جدید مرکز کا مقصد معذور نوجوانوں کو مفت ڈیجیٹل تربیت فراہم کر کے انہیں بااختیار بنانا ہے تاکہ وہ فری لانسنگ کے ذریعے معاشی خود مختاری حاصل کر سکیں۔
یہ ہب معذور افراد کو نہ صرف کمپیوٹر اور فری لانسنگ کی مہارتیں سکھا رہا ہے بلکہ انہیں بنیادی سہولیات جیسے مفت انٹرنیٹ، جدید کمپیوٹرز، اور بلا تعطل بجلی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
مظفرآباد کی باہمت نوجوان لڑکی مریم عبداللہ اس منصوبے کی ایک روشن مثال ہیں ۔ پیدائشی معذوری کے باوجود مریم نے ہمت نہ ہاری ۔
ایس سی او کے فری لانسنگ ہب میں داخلہ لے کر اپنے خوابوں کی تعبیر کا آغاز کیا۔ انہوں نے بنیادی کمپیوٹر کورس مکمل کیا اور اب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تربیت حاصل کر رہی ہیں ۔
مریم کا کہنا ہے کہ معذور بچوں کو ہمیشہ نظرانداز کیا جاتا رہا ہے، لیکن SCO نے ہمیں ایک نیا راستہ دکھایا ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ادارے کی طرف سے فراہم کردہ نئی گاڑی نے ان کیلئے تعلیمی اداروں تک پہنچنا ممکن بنایا ہے ۔ ان کے مطابق یہ گاڑی صرف سواری نہیں، بلکہ منزل تک پہنچنے کی اُمید ہے ۔
مریم عبداللہ جیسی نوجوان لڑکیاں آج پاکستان بھر کے معذور افراد کیلئے حوصلے اور امید کی علامت بن چکی ہیں ۔
ایس سی او کا یہ فری لانسنگ ہب صرف تربیت کا مرکز نہیں بلکہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو معذور نوجوانوں میں اعتماد، خودمختاری اور عزتِ نفس کو فروغ دے رہا ہے ۔
ایس سی او کا یہ اقدام پاکستان میں معذور افراد کو ڈیجیٹل معیشت میں باعزت مقام دلانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، جس کے مثبت اثرات دیرپا ثابت ہو سکتے ہیں ۔




