اسلام آباد سے آئے بائیک رائڈرز کا قافلہ جہلم ویلی پہنچ گیا، وادی لیپہ کی مہمان نوازی اور قدرتی حسن سے متاثر

اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے بائیک رائڈرز کا ایک پُرجوش قافلہ حالیہ دنوں سیاحت کے فروغ اور ایڈونچر کے جذبے سے سرشار ہو کر آزاد کشمیر کی خوبصورت وادی جہلم پہنچا۔ بائیکرز نے جہلم ویلی کے متعدد قدرتی اور تاریخی سیاحتی مقامات کا دورہ کیا، جن میں خصوصاً وادی لیپہ نے انہیں بے حد متاثر کیا۔

قافلے کے شرکاء نے وادی کے سرسبز پہاڑوں، بہتے چشموں، ٹھنڈی فضاؤں اور قدرتی مناظر کو ’’جنت نظیر‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی سرزمین نہ صرف حسن فطرت سے مالا مال ہے بلکہ یہاں کے باسی بھی بے حد مہمان نواز اور خوش اخلاق ہیں۔ بائیکرز نے کہا کہ وادی لیپہ کے لوگوں کی محبت، خلوص اور جذبۂ میزبانی نے ان کے سفر کو ناقابلِ فراموش بنا دیا۔ شرکاء نے اپنی گفتگو میں وادی لیپہ کے خاص سرخ چاول کا ذکر خصوصی طور پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان چاولوں کا ذائقہ منفرد ہے اور یہ مقامی ثقافت کا اہم جزو ہیں۔ اس کے علاوہ گھنے جنگلات، سرسبز پہاڑ، اور صاف و شفاف فضا نے انہیں قدرت کے قریب تر کر دیا۔

بائیکرز نے وادی میں موجود ریسٹورنٹس اور ریسٹ ہاؤسز کے نظام کو بھی سراہا اور کہا کہ یہاں سیاحوں کے لیے قیام و طعام کی معیاری سہولیات دستیاب ہیں، جو ایک خوش آئند امر ہے۔ ایک رکن نے کہا کہ ہم نے ملک کے کئی سیاحتی مقامات کا دورہ کیا ہے، لیکن یہاں جیسا سکون، صفائی اور خوبصورتی کہیں اور دیکھنے کو نہیں ملی۔

قافلے کے منتظمین نے ضلعی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس دورے کے دوران مکمل تعاون فراہم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے سیکیورٹی، رہنمائی اور دیگر سہولیات میں کسی قسم کی کمی نہیں آنے دی، جس سے ایک مثبت پیغام گیا ہے کہ آزاد کشمیر سیاحوں کے لیے ایک محفوظ اور پرامن مقام ہے۔

اس موقع پر قافلے کے رہنما عثمان بلال نے کشمیر ڈیجیٹل نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سفر صرف بائیکنگ کا نہیں بلکہ ایک مقصد کے تحت تھا کہ ہم دنیا کو آزاد کشمیر کا خوبصورت چہرہ دکھائیں۔ یہاں کی خوبصورتی اور لوگ پاکستان کے دیگر حصوں کے لیے بھی مشعلِ راہ بن سکتے ہیں۔

مزید ان کا کہنا تھا کہ جہلم ویلی کا یہ دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر سہولیات فراہم کی جائیں اور مقامی لوگ اپنی روایت کو برقرار رکھیں، تو آزاد کشمیر نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سیاحت کا مرکز بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں پولٹری تاجر دیوالیہ، آج سے کاروبار بند کرنے کا اعلان

قافلہ آئندہ دنوں میں وادی نیلم، مظفرآباد، پیر چناسی اور تولی پیر کی طرف روانہ ہو گا، جہاں وہ مزید مقامی ثقافت اور قدرتی مقامات کا مشاہدہ کرے گا۔

Scroll to Top