آزادکشمیر: مون سون بارشیں،ندی نالوں میں طغیانی، نقصانات کی تفصیلات ، الرٹ جاری

مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل / رپورٹ : سفیر رضا چغتائی) سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ مون سون بارشوں بارشوں کے دوران نقصانات کی تفصیلات اور آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی ہیشنگوئی کردی۔۔

دوسری جانب مسلسل موسلادھار بارش کے باعث موجی نالہ میں شدید طغیانی آ گئی ۔ تاہم خوش قسمتی سے تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ مقامی افراد کو نالہ کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) کی آج 11 جولائی کو جاری کردہ روزانہ رپورٹ کے مطابق حالیہ بارشوں سے مختلف علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ۔

گزشتہ دو دنوں کے دوران دو مکانات کو نقصان پہنچا۔ 9 جولائی کو تحصیل منگ، ضلع سدھنوتی کے گاؤں دھڑہ میں ایک مکان جزوی طور پر متاثر ہوا، جبکہ 10 جولائی کو اسی تحصیل کے علاقے پتن شیر خان میں ایک اور مکان کو نقصان پہنچا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر کی تمام مرکزی شاہراہیں ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھلی ہیں اور آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔

یکم جون سے 11 جولائی تک کے مجموعی نقصانات کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع جہلم ویلی میں 1 خاتون زخمی ہوئی، 2 مکانات مکمل جبکہ 26 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔

شدید بارش اور طغیانی کے باعث 6 مویشی ہلاک ، 3 گاڑیاں، 1 موٹر سائیکل اور 1 (پن چکی) گھاٹ تباہ ہوگیا جبکہ تقریباً 0.5 کلومیٹر سڑک کو بھی نقصان پہنچا۔

ضلع سدھنوتی میں بھی 1 خاتون زخمی ہوئیں، 2 مکانات مکمل اور 7 جزوی طور پر متاثر ہوئے، جبکہ ایک دکان کو بھی نقصان پہنچا۔

ضلع کوٹلی میں 1 مرد جاں بحق اور 1 خاتون زخمی ہوئیں، جبکہ 2 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا۔ ضلع میرپور میں 2 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے،

نیلم، باغ، پونچھ، حویلی اور بھمبر اضلاع سے تاحال کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔پانی کے بہاؤ کی صورتحال کے مطابق دریائے جہلم میں چکوٹھی پوائنٹ پر پانی کا بہاؤ 8114 کیوسک اور13.40 فٹ ریکارڈ کیا گیا۔

دریائے نیلم میں کریم آباد پوائنٹ پر پانی کا بہاؤ 977 کیوسک اور 7.17 فٹ جبکہ دریائے پونچھ میں کوٹلی پوائنٹ پر پانی کا بہاؤ 5954 کیوسک اور 9.10 فٹ رہا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر شدید بارش کی پیش گوئی کی ۔

شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو خاص طور پر محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ رپورٹ محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی جانب سے عوامی معلومات کے لیے جاری کی گئی ہے۔

آپریشن سندور جھوٹ پر مبنی کتاب شائع ؛ پاکستان کیخلاف بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب

Scroll to Top