اساتذہ

اپ گریڈیشن کا وعدہ پورا نہ ہوا : اساتذہ کا پیر کے روز بڑے احتجاج کا اعلان

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل ) اساتذہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم چوہدری انوار الحق اپنے کئے ہوئے وعدے کو پورا کریں ورنہ 14 جولائی بروز پیر مظفر آباد میں بھر پور احتجاج کریں گے ۔

تفصیلات کے مطابق ا ساتذہ برادری کا کہنا ہے کہ درپیش دیرینہ مسائل اور حکومتی وعدوں کی عدم تکمیل پر ہم سب شدید تشویش میں مبتلا ہیں ۔ آج ہمارا صبر جواب دے چکا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے حقوق کے لیے متحد ہو کر آواز اٹھائیں ۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت کی بے حسی،وادی لیپہ میں طالبات بوائز سکول میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور

انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت افسوس ناک ہے کہ حکومت نے آزادکشمیرسکول ٹیچرزاینڈ آگنائزیشن کا دیرینہ اور جائز مطالبہ جو کہ مکمل سکیل اپ گریڈیشن کا ہے، کو مسلسل نظر انداز کیا ہے۔ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور ان کے مسائل کو حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر،دانش سکول کیلئے3ارب4کروڑ27لاکھ کامنصوبہ سی ڈی ڈبلیو پی سے منظور

اسی تناظر میں مرکزی صدر سکول ٹیچر آرگنائزیشن سردار تاصف شاہین کی قیادت میں ہم نے 14 جولائی کو مظفرآباد میں ایک بھرپور احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ جس میں اساتذہ کی ایک بڑی تعداد آزاد کشمیر بھر سے شرکت کرے گی ، تمام اساتذہ کرام سے پُرزور اپیل ہے کہ آپ اپنی تمام تر مصروفیات ترک کر کے اس عظیم مقصد کے لیے متحد ہو جائیں ۔

یہ بھی پڑھیں:ریڈ فاؤنڈیشن ہائی سکول چھٹیاں کو سائنس کالج کا درجہ دے دیا گیا، پروقار افتتاحی تقریب

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری تعداد اور ہمارا اتحاد ہی ہماری قوت ہے اور اسی کے ذریعے ہم اپنے جائز مطالبات ریاستی حکومت سے منوا سکتے ہیں۔ آئیے ، 14 جولائی 2025ء کو مظفرآباد میں اپنے اتحاد اور عزم کا ثبوت دیں اور حکومت کو مجبورکیا جائے کہ وہ ہمارے مسائل حل کرے ۔

Scroll to Top