مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل):سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر پولیس ملازمین کی بے چینی دور کرتے ہوئے ان کے مطالبات پورے کرے، کیونکہ ریاستی رٹ قائم کرنے والی فورس میں بے چینی خود ریاستی رٹ کو کمزور کرتی ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث افسوس ہے کہ تین کھرب دس ارب روپے کے بجٹ میں محکمہ پولیس کے ملازمین کے لیے کچھ نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ایک منظم اور ڈسپلنڈ ادارہ ہے، جس کے افسران و جوان بارش ہو یا دھوپ، گرمی ہو یا سردی، ہر موسم میں دن رات خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ کوئی مسئلہ ہو یا آفت، ریاست کی رٹ بحال کرنے میں پولیس اہلکار ہمیشہ سب سے آگے ہوتے ہیں۔
راجہ فاروق حیدر خان نے سوال اٹھایا کہ ڈسپرٹی الاونس سمیت دیگر سرکاری ملازمین کو تنخواہوں میں دیے گئے اضافے کا اطلاق پولیس پر کیوں نہیں کیا گیا؟ کیا پولیس اہلکاروں کا کوئی قصور ہے؟ اس امتیازی سلوک پر محکمہ پولیس میں سخت بے چینی پائی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف آزاد کشمیر کا ہٹیاں بالا میں اجلاس، حلقہ سات کی تنظیم مکمل، انتخابی مہم کا اعلان
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پولیس کے تمام مطالبات بالکل درست اور جائز ہیں، ان پر فی الفور عملدرآمد کیا جائے تاکہ ریاستی رٹ مزید کمزور ہونے سے بچ سکے۔