ڈی جی آئی ایس پی آر کا یو اے جے کے کا دورہ، طلبہ سے مؤثر اور جذبہ انگیز مکالمہ

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جامعہ آزاد جموں و کشمیر مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس کا دورہ کیا، جہاں اُن کا شاندار اور پُرجوش استقبال کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک، فیکلٹی ارکان، مسلح افواج کے معزز نمائندگان، پرنسپل افسران اور طلبہ نے قومی و ریاستی ترانوں کے ساتھ اُن کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ اور اساتذہ سے ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جو قومی یکجہتی، حب الوطنی، سچائی اور آگہی پر مبنی ایک بامعنی تبادلہ خیال میں بدل گئی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کشمیری عوام کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی آزادی کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کے بغیر ممکن نہ تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت اپنے داخلی سکیورٹی ناکامیوں، خاص طور پر پہلگام جیسے واقعات کا الزام پاکستان پر ڈال کر عالمی توجہ اصل حقائق سے ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ جاری مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا جمہوری چہرہ محض ایک دھوکہ ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں کو نہ تو بنیادی انسانی حقوق حاصل ہیں اور نہ ہی مذہبی آزادی، جبکہ پاکستان ہر مظلوم کے حق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوان نسل کو تلقین کی کہ وہ ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی اتحاد کو فروغ دیں کیونکہ اتحاد ہی ترقی، امن اور استحکام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نظم و ضبط، شفافیت اور میرٹ پر مبنی سوچ اپنانے کی ترغیب دی اور کہا کہ یہی اصول ایک خوشحال پاکستان کی طرف لے کر جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جہلم ویلی میں کلاؤڈ برسٹ، ملک بھر میں بارشوں سے 11 افراد جاں بحق، نظام زندگی مفلوج

اس خصوصی نشست میں حالیہ آپریشن “پنیان المَصوص” کی کامیابی پر شرکاء نے پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اساتذہ و طلبہ نے اس ملاقات کو نہایت معلوماتی، حوصلہ افزا اور قومی شعور کو بیدار کرنے والا تجربہ قرار دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگرامز کا تسلسل جاری رکھا جائے۔

Scroll to Top