آزادکشمیر میں سیاسی درجہ حرارت چڑھ گیا ، پیپلز پارٹی میں اندرونی اختلافات، ن لیگ کی جوڑ توڑ

آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات سے قبل سیاسی درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کی پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت نے جہاں ایک جانب نئی صف بندیاں پیدا کر دی ہیں، وہیں پیپلز پارٹی کے اندرونی اختلافات بھی کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس کی شمولیت پر پیپلز پارٹی کے پرانے اور سینئر رہنما نالاں دکھائی دے رہے ہیں۔ مشاورتی اجلاسوں میں تلخ جملوں کا تبادلہ اور اندرونی مزاحمت واضح ہو چکی ہے، جس کے باعث پارٹی کا داخلی نظم متاثر ہو رہا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر بھی تیزی سے متحرک ہو گئی ہے۔ پارٹی صدر شاہ غلام قادر نے حالیہ دنوں میں اہم سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں اور آئندہ انتخابات کیلئے جوڑ توڑ کے عمل کو تیز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی اندرونِ خانہ امیدواروں کے انتخاب اور تنظیمی صف بندی پر بھی مشاورت کر رہی ہے۔

سیاسی ماہرین کا ماننا ہے کہ سردار تنویر کی پیپلز پارٹی میں شمولیت نے نہ صرف اس جماعت کو اندرونی خلفشار سے دوچار کیا ہے بلکہ دیگر جماعتوں کو بھی دفاعی حکمت عملی ترتیب دینے پر مجبور کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی بڑھتی سرگرمیاں اور پیپلز پارٹی کے اندرونی تناؤ نے آزاد کشمیر کی انتخابی سیاست کو ایک غیر متوقع رخ دے دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلامیہ پبلک اسکول چکار کی وین حادثے کا شکار، 29 بچے زخمی

Scroll to Top