مظفرآباد : آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ماحول دوست سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کاروان فاؤنڈیشن کی جانب سے شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کے تحت ایک ہزار سے زائد درخت مقامی افراد میں مفت تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
یہ اقدام خطے بھر میں جنگلات کی بےدریغ کٹائی کے تناظر میں ماحولیاتی توازن بحال کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ شجرکاری مہم کا مقصد نہ صرف سبزہ بڑھانا ہے بلکہ عوامی سطح پر ماحولیاتی آگاہی پیدا کرنا بھی ہے۔
کاروان فاؤنڈیشن کے مطابق یہ پودے مختلف تعلیمی اداروں، کمیونٹی سینٹرز اور عام شہریوں میں تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ مظفرآباد اور گردونواح کو دوبارہ سرسبز بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: علاج خواب بن گیا، صحت کی سہولیات مہنگی ترین سطح پر پہنچ گئیں
ماہرین کے مطابق درخت نہ صرف فضائی آلودگی کم کرتے ہیں بلکہ زمین کے کٹاؤ کو روکنے، بارشوں کے نظام کو بہتر بنانے اور مجموعی موسمی حالات میں توازن قائم رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔