راولاکوٹ : راولاکوٹ کے باہمت نوجوان سردار وسیم خورشید خان نے سیاحت کے فروغ کے لیے ایک منفرد اور عملی قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے اپنے گھر کے قریب جنگلاتی اراضی پر ایک خوبصورت اور جدید سہولیات سے آراستہ ٹورسٹ پوائنٹ قائم کیا ہے جسے ’’نظارہ پکنک پوائنٹ اینڈ الزمان ریزورٹس‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اب یہ مقام سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔
یہ سیاحتی مرکز شہر سے محض تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جہاں قدرتی نظارے، ٹھنڈا موسم، ایڈونچر کی سرگرمیاں اور مکمل سیکیورٹی کا حسین امتزاج موجود ہے۔ خاص طور پر زپ لائن جیسی ایڈونچر ایکٹیویٹیز نوجوانوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنی ہوئی ہیں، جب کہ خاندانوں کے لیے آرام دہ بیٹھک گاہیں، بچوں کے کھیلنے کی جگہیں اور معیاری فوڈ پوائنٹس بھی دستیاب ہیں۔
سردار وسیم خورشید خان کے مطابق یہ منصوبہ آج سے پانچ سال قبل ایک خواب کی صورت میں شروع ہوا تھا۔ ذاتی وسائل سے شروع کی گئی یہ کاوش اب ایک شناخت بن چکی ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے سیاح یہاں آ کر قدرتی حسن سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اس مقام کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ اگر حکومت توجہ دے تو اس پورے علاقے میں ایسے بیسیوں سیاحتی مراکز قائم ہو سکتے ہیں، جو نہ صرف سیاحت کو فروغ دیں گے بلکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کا ذریعہ بھی بنیں گے۔
سیاحوں کا کہنا ہے کہ راولاکوٹ کے نظارہ پکنک پوائنٹ پر نہ صرف قدرتی خوبصورتی موجود ہے بلکہ یہاں کی خاموشی، ہواؤں کی سرسراہٹ اور سہولیات کا معیار بھی اسے منفرد بناتا ہے۔ یہاں قیام کے لیے معیاری کمرے، روم سروس، مقامی پکوانوں سے مزین مینو، مناسب پارکنگ اور فول پروف سیکیورٹی کا انتظام موجود ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیرصدارت فارورڈ بلاک کا اجلاس، سیاسی مستقبل پر غور
یہ منصوبہ آزاد کشمیر میں نجی سطح پر سیاحت کے فروغ کی ایک کامیاب مثال کے طور پر سامنے آیا ہے۔ نوجوان نسل کے ایسے اقدامات سے نہ صرف خطے کی خوبصورتی دنیا کے سامنے آئے گی بلکہ مقامی معیشت میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔