برہان وانی شہید کا نواں یوم شہادت کل ’’یوم مزاحمت کشمیر‘‘ کے طور پر منایا جائے گا

مظفرآباد:مقبوضہ کشمیر میں تحریکِ آزادی کو نئی روح بخشنے والے حریت کمانڈر برہان مظفر وانی شہید کا نواں یومِ شہادت کل 8 جولائی کو ’’یومِ مزاحمت کشمیر‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ ریاست بھر میں اس دن کی مناسبت سے مختلف تقریبات، ریلیوں اور جلوسوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔

پاسبانِ حُریت جموں کشمیر کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد میں 313 نوجوانوں پر مشتمل ایک منظم دستہ شہید برہان وانی اور دیگر شہدائے کشمیر کو خصوصی سلامی پیش کرے گا۔ اس موقع پر نوجوان شہید افضل گورو چوک سے شہید برہان وانی چوک تک “دوڑو آزادی کے لیے” کے عنوان سے ایک مقابلے میں شریک ہوں گے، جس کا مقصد آزادی کی جدوجہد سے جُڑے جذبے کو تازہ کرنا ہے۔

چیئرمین پاسبانِ حُریت عزیر احمد غزالی نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا کہ حزب المجاہدین کے معروف کمانڈر برہان وانی شہید کی یاد میں ریاست بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ قوم ان کی لازوال قربانی کو یاد رکھے۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 جولائی صبح 7 بجے دومیل قدیمی مسجد کے سامنے نوجوانوں کا ایک باقاعدہ دستہ قومی ترانوں کی گونج میں قومی پرچموں کو سلامی دے گا۔

عزیر غزالی نے مزید کہا کہ برہان وانی شہید نے سوشل میڈیا کو ایک موثر ذریعہ بنا کر بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا اور کشمیری مزاحمت کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ ان کی قیادت اور جذبہ آزادی اس قدر طاقتور تھا کہ بھارتی حکومت کے ایوانوں میں ہلچل مچ گئی۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی جرات، دلیری اور قربانی نے کشمیری نوجوانوں کو بیدار کیا، اور آج وہ اسے اپنا رول ماڈل مانتے ہوئے بھارتی فوجی تسلط کے خلاف مزاحمت کی علامت بن چکے ہیں۔

چیئرمین پاسبانِ حُریت نے آزاد کشمیر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ 8 جولائی کو “یومِ مزاحمت کشمیر” کے طور پر قومی سطح پر منانے کا باقاعدہ اعلان کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاسبانِ حُریت گزشتہ نو برسوں سے مسلسل اس دن کو اسی عنوان سے مناتی چلی آ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بینک اسٹیٹمنٹ آمدن کا ثبوت نہیں، ایف بی آر کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا!

پاسبانِ حُریت جموں کشمیر نے پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ 8 جولائی کو “یومِ مزاحمت کشمیر” کے طور پر مناتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کریں اور ریاست کی آزادی کے لیے جدوجہد کے عزم کی تجدید کریں۔

Scroll to Top