کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ فلیٹ یا کوئی بھی رہائشی یونٹ خریدنے سے پہلے اس بات کی مکمل جانچ کریں کہ عمارت کو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) سے تمام تر منظوری حاصل ہے یا نہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ لیاری میں پیش آنے والا عمارت حادثہ انتہائی افسوسناک ہے اور حکومت کی اولین کوشش یہی رہی کہ زیادہ سے زیادہ انسانی جانوں کو بچایا جا سکے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ عمارت کا ملبہ اٹھانے کا عمل آج مکمل کر لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لیاری واقعے پر تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور کل اجلاس میں اس کی رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ گزشتہ شب آگرہ تاج میں جس عمارت کو خالی کرایا گیا، وہ چند سال قبل بغیر ایس بی سی اے منظوری کے تعمیر کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اولڈ سٹی ایریا میں 400 سے زائد خطرناک عمارتوں کے مکینوں کو متبادل رہائش فراہم کرنے کے امکانات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم عاشور: آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں جلوس، سیکیورٹی کے سخت انتظامات
مراد علی شاہ نے شہریوں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ فلیٹ خریدنے سے قبل ضروری ہے کہ اس کی قانونی حیثیت اور منظوریوں کی مکمل چھان بین کی جائے، تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔