مظفرآباد : یوم عاشور کے موقع پر آزاد کشمیر بھر سے برآمد ہونے والے جلوس اپنے مقررہ روایتی راستوں سے گزرتے ہوئے امام بارگاہوں میں اختتام پذیر ہو رہے ہیں، جہاں شامِ غریباں کی مجالس منعقد کی جائیں گی۔
آزاد کشمیر کا سب سے قدیمی جلوس امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے برآمد ہوا ہے۔ اپر اڈہ میں نمازِ ظہرین ادا کی گئی، جس کے بعد شالیمار چوک میں زنجیر زنی کا اہتمام کیا گیا۔ جلوس مغربین کے دوران امام بارگاہ میں داخل ہو جائے گا۔
میرپور میں مرکزی جلوس بیت الحزن سے صبح 11 بجے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے گزر کر شام کو اختتام پذیر ہوگا۔ دیگر علاقوں جن میں تتہ پانی، سہنسہ، بھمبھر، منڈھول، باغ، حویلی، ہٹیاں بالا، کچھا سیداں، مجھوئی، اشکوٹ اور نیلم ویلی شامل ہیں، وہاں بھی چھوٹے بڑے جلوس مغربین کے وقت اختتام پذیر ہوں گے۔
ملک کے دیگر شہروں میں صورتحال :
لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی، اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا، جو شام کو کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہو گا۔ کراچی میں نشتر پارک سے صبح 10 بجے جلوس برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں، کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ کوئٹہ میں علمدار روڈ سے جلوس برآمد ہوا۔ شہر میں سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی، جب کہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کی گئی۔ پشاور میں شب عاشور کے تمام 16 جلوس اختتام پذیر ہو چکے ہیں۔ روہڑی میں 9 محرم کا تاریخی نو ڈھال کا جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کربلا میدان پہنچا۔ عزادار رات وہیں قیام کریں گے اور آج ظہرین کے بعد شہداء قبرستان روانہ ہوں گے۔ ملتان میں یوم عاشور کے جلوس 11 بجے استاد شاگرد کے تعزیے سمیت 25 سے زائد مقامات سے برآمد ہو رہے ہیں۔ گوجرانوالہ میں آج کا مرکزی جلوس امام بارگاہ گلستان معرفت سے برآمد ہوگا۔ مٹھی میں صبح 10 بجے جلوس نکالا گیا۔
سیکیورٹی اقدامات:
وزارتِ داخلہ اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ کئی حساس اضلاع میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے تعینات رہے، جب کہ متعدد علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل رہی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکساس میں سیلاب سے 51 افراد جاں بحق، 27 لڑکیاں لاپتا