کربلا کشمیریوں کی جدوجہد کا مینارِ نور ہے:وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد : وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوارالحق نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا مظلوموں کے لیے تا قیامت روشنی کا مینار ہے اور کشمیری قوم بھی اسی حسینی جذبے کے تحت بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ وہ مظفرآباد کے مرکزی امام بارگاہ پیر سید عالم شاہ بخاری میں مجلسِ عزا سے خطاب کر رہے تھے، جہاں ریاستی وزراء، سابق وزراء، میئر میونسپل کارپوریشن مظفرآباد اور سینکڑوں عزاداروں نے شرکت کی۔

وزیراعظم چودھری انوارالحق نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور ان کے خانوادے کی عظیم قربانی اسلام کی سربلندی، عدل کے قیام اور ظلم کے خاتمے کی درخشاں مثال ہے۔ عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ خانوادۂ رسولؐ کی کربلا میں ثابت قدمی اور قربانی آج بھی دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کربلا کا واقعہ تاریخ اسلام کا ناقابلِ فراموش باب ہے جہاں امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں نے دین کی بقا کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا مقصد صرف عدل و انصاف کا قیام اور ظلم کا خاتمہ تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھی شہدائے کربلا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔ کشمیری نوجوان ایک بڑے دشمن کے سامنے غیر معمولی حوصلے اور عزم کے ساتھ کھڑے ہیں اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر “رسمِ شبیرؑی” ادا کر رہے ہیں۔

چودھری انوارالحق نے مقبوضہ کشمیر میں محرم کے جلوسوں پر پابندی اور عاشورہ کے موقع پر کرفیو نافذ کرنے کو مذہبی آزادی پر کھلا حملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کشمیری مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق سلب کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتوں میں مزید اضافہ: آزاد کشمیر میں تولہ سونا 3 لاکھ 56 ہزار روپے سے تجاوز کر گیا

انہوں نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھارتی حکومت کے فسطائی رویے اور مذہبی جبر کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ جب تک مقبوضہ جموں و کشمیر کا ہر کونا بھارتی تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتا، کشمیری قوم اپنی حسینی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Scroll to Top