مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد جموں و کشمیر کے ضلع نیلم کے گاؤں نگدر سے تعلق رکھنے والے معروف ماہر تعلیم مرحوم محمد یاسین میر کے فرزند اور گورنمنٹ انٹر کالج نگدر کے پرنسپل ڈاکٹر حبیب الرحمٰن میر نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ سے پلازما فزکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر کے نیلم ویلی اور آزاد کشمیر کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

ڈاکٹر حبیب الرحمٰن نے اپنی تحقیق “سٹین لیس اسٹیل پر پلازما فزکس کا اطلاق” کے موضوع پر کی، جو کہ جہازوں کے انجن اور صنعتی مشینری کی تیاری میں استعمال ہونے والے اہم مٹیریل سے متعلق ہے۔
ان کے تحقیقی کام کی نگرانی ہزارہ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد ابرار اور قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے ممتاز سائنسدان پروفیسر ڈاکٹرمحمد شفیق نے کی، جنہیں پاکستان میں پلازما فزکس کے شعبے کا معتبر نام سمجھا جاتا ہے۔
ڈاکٹر حبیب الرحمٰن کی تحقیق قائداعظم یونیورسٹی کے پلازما فزکس لیبارٹری میں چار سالہ مسلسل محنت اور تجرباتی تجزیات کے بعد مکمل ہوئی، جسے بعد ازاں پشاور یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر خان عالم اور اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر سید سلام حسین شاہ کے سامنے پیش کیا گیا۔ دونوں ماہرین تعلیم نے ان کا تھیسس بین الاقوامی معیار کا قرار دیتے ہوئے تحقیق کی بین الاقوامی جرائد میں شائع کرنے پر مبارک باد دی ۔جن میں کئی ریسرچ پیپرز شائع بھی ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر حبیب الرحمٰن وہ پہلے کشمیری اسکالر ہیں جنہوں نے پلازما فزکس کے جدید اور تکنیکی میدان میں پی ایچ ڈی ڈگری حاصل کی ہے، جو نہ صرف نیلم بلکہ پورے آزاد کشمیر کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اس کامیابی پر ہزارہ یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ، سول سوسائٹی، صحافی برادری، اہلِ خانہ اور دیگر معززین نے انہیں مبارکباد دی۔
ان کے سپروائزرز نے بھی باقاعدہ طور پر انہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری مکمل کرنے پر دلی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر حبیب الرحمٰن کی یہ کامیابی آزاد کشمیر میں سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبے میں نوجوانوں کے لیے ایک مثالی مثال اور حوصلہ افزا سنگ میل ہے۔ ان کا عزم ہے کہ وہ آئندہ بھی سائنسی تحقیق کو آگے بڑھائیں گے اور کشمیری نوجوانوں کو بین الاقوامی سائنسی دنیا سے ہم آہنگ کریں گے۔
مہاراشٹرمیں لاؤڈ اسپیکر پر پابندی، بمبئی میں ’اذان ایپ لانچ




