کمشنر اور ڈی آئی جی کا جہلم ویلی کا دورہ، محرم سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ

محرم الحرام کے پیش نظر کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتار اور ڈی آئی جی ریجن یاسین قریشی نے ضلع جہلم ویلی کا دورہ کیا، امام بارگاہوں کے سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کیا اور اہل تشیع رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔

محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر چوہدری گفتار اور ڈی آئی جی یاسین قریشی نے جہلم ویلی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے حاجی شاہ چوک، برخانہ افضال ہمدانی، مہاجر کیمپ نیلی اور مرکزی امام بارگاہ کچھا سیداں سمیت متعدد مقامات پر مجالسِ عزاء کے دوران کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر بینش جرال، ایس پی مرزا زاہد حسین، اسسٹنٹ کمشنر کامران خان، ڈی ایس پی راجہ عبد الخالق، ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر عامر عباسی، نائب تحصیلدار ایاز چغتائی، ایس ایچ او راجہ یاسر اور چوہدری نوید الحسن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اہل تشیع کے رہنماؤں سید ظہور نقوی، مجاہد عباس نقوی، عاطف ہمدانی اور شاہد ہمدانی ایڈووکیٹ سے ملاقات کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور سیکیورٹی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: لیورپول کے فارورڈ فٹبالر ڈیاگو جوتا اسپین میں کار حادثے میں ہلاک

کمشنر اور ڈی آئی جی نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء کو ہر صورت برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

Scroll to Top