لیورپول کے فارورڈ فٹبالر ڈیاگو جوتا اسپین میں کار حادثے میں ہلاک

پرتگال سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی فٹبالر اور لیورپول ایف سی کے فارورڈ کھلاڑی ڈیاگو جوتا اسپین میں ایک المناک کار حادثے میں زندگی کی بازی ہار گئے۔

28 سالہ ڈیاگو جوتا اسپین میں پیش آنے والے ایک حادثے میں جاں بحق ہو گئے جب ان کی گاڑی اوورٹیکنگ کے دوران ٹائر پھٹنے کے باعث سڑک سے اتر گئی تھی، مقامی پولیس کے مطابق حادثہ اسی وجہ سے پیش آیا۔ حادثے کے وقت جوتا کے ساتھ ان کے بھائی آندرے سلوا بھی موجود تھے جو اسی حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔ ڈیاگو جوتا نے گزشتہ ماہ اپنی شریک حیات سے شادی کی تھی اور ان کے تین بچےہیں۔

جوتا پرتگالی قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی تھے اور لیورپول کی اس ٹیم کا حصہ تھے جس نے گزشتہ سیزن میں پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیتا تھا۔ وہ اس سے قبل وولوز اور پورٹو کی نمائندگی بھی کر چکے تھے۔

لیورپول ایف سی نے اس سانحے کو “ناقابلِ یقین نقصان” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس المیے پر انتہائی افسردہ ہیں۔

معروف پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ردعمل دیتے ہوئے کہا: “یہ سب بے معنی لگتا ہے۔”

پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ڈیاگو جوتا نہ صرف ایک شاندار کھلاڑی تھے بلکہ ایک غیر معمولی انسان بھی تھے جنہیں ان کے ساتھی کھلاڑیوں اور حریفوں کی جانب سے یکساں احترام حاصل تھا۔

Scroll to Top