چوہدری رفیق نیر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کابڑا سیاسی فیصلہ کر لیا

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قانون ساز اسمبلی چوہدری رفیق نیر نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انہوں نے یہ فیصلہ عوامی مشاورت اور حلقہ کھوئیرٹہ کے لوگوں کے مطالبے پر کیا، جس کا ذکر انہوں نے “کشمیر ڈیجیٹل” سے گفتگو میں کیا۔

چوہدری رفیق نیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہماری اپنی جماعت ہے، کچھ غلط فہمیاں تھیں جو اب ختم ہو چکی ہیں۔ عوام کے کہنے پر میں نے فیصلہ کیا ہے کہ دوبارہ پی پی پی کا حصہ بنوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جلد باقاعدہ طور پر پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھٹو شہید کا ادھورا مشن مکمل کریں گے اور عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پی پی پی آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت بنائے گی جو عوامی مسائل کا سنجیدگی سے حل نکالے گی۔

سیاسی مبصرین کے مطابق چوہدری رفیق نیر کا یہ فیصلہ آئندہ انتخابات کے تناظر میں پیپلز پارٹی کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے اور خطے میں پارٹی کی پوزیشن کو مزید مضبوط کر سکتا ہے۔

ادھر ایک اور اہم سیاسی پیش رفت میں، آزاد کشمیر کے معروف بزنس مین سردار الیاس خان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق، سردار یاسر الیاس کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے سیاحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جس کا نوٹیفکیشن آج جاری ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top