چین میں روبوٹس کا فٹبال میچ، خودکار انسان نما کھلاڑیوں کا شاندار مقابلہ

بیجنگ میں ہفتے کے روز ایک منفرد فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جہاں انسانوں کے بجائے انسان نما روبوٹس نے میدان سنبھالا۔ یہ “روبو لیگ” فٹبال مقابلے نہ صرف ٹیکنالوجی کی حیران کن ترقی کا مظاہرہ تھے بلکہ اگست میں ہونے والے عالمی ہیومینائیڈ روبوٹ گیمز کی پیشگی جھلک بھی فراہم کر رہے تھے۔

بیجنگ کے صنعتی علاقے Yizhuang میں منعقد ہونے والے اس فٹبال ٹورنامنٹ میں چار ٹیموں نے حصہ لیا، ہر ٹیم میں تین تین انسان نما روبوٹس شامل تھے۔ تمام روبوٹس مکمل خودکار تھے، یعنی یہ بغیر کسی انسانی مداخلت کے میدان میں دوڑتے، بال کو پہچانتے، پاس دیتے، گول کرتے اور گرنے کے بعد دوبارہ کھڑے ہوتے۔

مقابلے میں شرکت کرنے والی ٹیمیں چین کی مختلف جامعات سے تھیں، جن میں تسنگھوا یونیورسٹی کی ٹیم THU Robotics نے فائنل میں چائنا ایگریکلچرل یونیورسٹی کی ٹیم “ماؤنٹین سی” کو 5-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ میچ دو 10 منٹ کی ہافز پر مشتمل تھے جن کے درمیان 5 منٹ کا وقفہ تھا۔

یہ روبوٹس نہ صرف بال کو 20 میٹر کی دوری سے 90 فیصد درستگی سے پہچاننے کی صلاحیت رکھتے تھے بلکہ انہوں نے کھیل کے دوران پیچیدہ فیصلے بھی خود کیے، جیسے پاس دینا، بال کا تعاقب کرنا اور گول کرنا۔ دلچسپ بات یہ رہی کہ گول کرنے کے بعد کچھ روبوٹس نے دونوں ہاتھ اٹھا کر خوشی بھی منائی۔ تاہم چند روبوٹس جب زمین پر گرے تو وہ خود کھڑے نہ ہو سکے اور انہیں اسٹریچر کے ذریعے باہر لے جانا پڑا، جو منظر کو اور زیادہ حقیقت سے قریب تر بنا گیا۔

یہ میچ اگست میں بیجنگ میں منعقد ہونے والے World Humanoid Robot Games کے لیے ایک ریہرسل کے طور پر پیش کیا گیا، جو کہ 15 سے 17 اگست 2025 کے درمیان معروف مقامات “برڈز نیسٹ” اور “آئس ربن” میں منعقد ہوں گے۔ ان عالمی مقابلوں میں روبوٹس نہ صرف کھیلوں بلکہ دیگر ذہنی و جسمانی کارکردگی کے شعبوں میں بھی حصہ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی سستی ہونے کا امکان: یکم جولائی سے نرخوں میں کمی کی تجویز

روبوٹس فراہم کرنے والی کمپنی Booster Robotics کے سی ای او چینگ ہاؤ کے مطابق کھیل روبوٹس کی صلاحیتوں، مصنوعی ذہانت کے الگورتھمز اور ہارڈویئر و سافٹ ویئر کے انضمام کو جانچنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ مستقبل میں اگر مناسب حفاظتی اقدامات کیے جائیں توانسان اور روبوٹس ایک ساتھ کھیل سکتے ہیں،۔

Scroll to Top