گڑھی دوپٹہ کے نواحی علاقے پٹھیالی روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے کے باعث تقریباً 80 افراد، جن میں سیاح بھی شامل تھے سڑک پر پھنس گئے تھے، پاک فوج اور سول اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔
29 جون 2025 کی شام تقریباً 7 بجے شدید بارش کے باعث منگر نالہ، پٹھیالی روڈ پر اچانک لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلہ آیا، جس کے نتیجے میں سڑک پر بڑے بڑے پتھر اور ملبہ گر گیا۔ سڑک بلاک ہونے سے سیر و تفریح کے لیے جانے والے سیاحوں سمیت تقریباً 80 افراد پھنس گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاکستان آرمی اور سول انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ پاکستان آرمی کی ریپڈ ریسپانس فورس (QRF) ایک افسر کی نگرانی میں فوری موقع پر پہنچ گئی، جبکہ SDMA، ریسکیو 1122، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھی ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق سیاح سخت پریشانی میں مبتلا تھے تاہم مقامی کمیونٹی اور منتخب نمائندے (ایم ایل اے) کی مدد سے تمام متاثرہ افراد کو قریبی گھروں میں عارضی پناہ فراہم کی گئی۔ ریسکیو ٹیموں اور پاک فوج نے تصدیق کی کہ تمام افراد محفوظ ہیں اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریسکیو ٹیموں کو رات کے وقت مزید کارروائی میں خطرات کے پیش نظر صفائی اور سڑک کی بحالی کا عمل 30 جون کی صبح تک مؤخر کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل SDMA کے مطابق تمام سیاح اور مقامی افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور اگلی صبح سڑک بحالی و گاڑیوں کی نکاسی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پلاسٹک بوتلیں دیں اور فوراً 1000 روپے پائیں !وزیراعلیٰ پنجاب گرین کریڈٹس پروگرام کا معاہدہ طے
مقامی افراد، پاک فوج اور سول اداروں کی بروقت اور مربوط کارروائی کو عوامی سطح پر بھرپور سراہا گیا ہے۔




