عبدالقیوم نیازی

پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل )صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کی زیر صدات جموں اور ویلی کے حلقہ جات کی سینئر قیادت و اسٹیک ہولڈرز کا اعلیٰ سطحی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جو 4 گھنٹے زائد جاری رہا ۔

اجلاس میں عمران خان کی رہائی کے حوالے سے تحریک ، مہاجرین حلقوں کی تنظیمی و سیاسی امور ، آمدہ الیکشن کی حکمت عملی سمیت مجموعی ملکی سیاسی حالات کا جائزہ لیا گیا اور طویل مشاورت کی گئی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فوری طور پر مہاجرین کے حلقوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کی جائے گی اور وارڈ لیول تک فوری مضبوط تنظیمیں بنائی جائیں گی ۔ اجلاس کے شرکاء نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے مخصوص سیٹوں کے فیصلے پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور عدلیہ کی تاریخ کا سیاہ ترین فیصلہ قرار دیا جو سیاسی عدم استحکام میں اضافے کا باعث بنے گا ۔

عمران خان کی 9مئی کیسز میں ضمانتیں مسترد ہونے کے فیصلے کی بھی مذمت کی گئی ۔ عمران خان کی رہائی کے حوالے سے فائنل کال کیلئے پاکستان بھر میں مقیم کشمیریوں کو بھرپور موبلائز کرنے کیلئے فوری ورکز کنونشنز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس شرکاء نے قائد پاکستان عمران خان اور صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا ۔ حقیقی ایم ایل اے ، سابق وزیر حکومت و مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری مقبول گجر کی سربراہی میں جموں کے حلقہ جات کی تنظیم سازی کے حوالے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جبکہ ویلی کے حلقہ جات کی کمیٹی کی سربراہی ممبر قانون ساز اسمبلی و سینئر نائب صدر غلام محی الدین دیوان کریں گے ۔

چیف آرگنائزر چوہدری حمید پوٹھی کو دونوں کمیٹیز کے ساتھ کورآرڈنیشن کی ذمہ داریاں سونپ دی گئی۔ اجلاس شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ سپریم کورٹ کا مخصوص سیٹوں کے حوالے سے فیصلہ تاریخ کے سیاہ ترین فیصلوں میں شمار ہو گا ۔حکومت نے 26 ویں ترمیم کے ذریعے عدالتوں کو یرغمال بنا لیا اور اپنے مرضی کے فیصلے لیے جا رہے ہیں ، عدالتوں کو اپنا وقار بحال کرنے کیلئے آئین و قانون پر انحصار کرنا ہوگا ۔ پی ٹی آئی گراس روٹ لیول تک منظم ہے اور آزاد کشمیر کی سب سے بڑی جماعت ہے ۔

پی ٹی آئی آئندہ الیکشن میں بھرپور انداز میں کامیابی سمیٹے گی۔ آئندہ الیکشن الیکٹیبلز کے زور پر نہیں بلکہ عوام کی طاقت سے لڑیں گے۔ عوام سفیر کشمیر عمران خان کیساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے ، عمران خان کے ٹائیگر آمدہ الیکشن میں سرپرائز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مشکل کے بعد آسانی ہے ، پی ٹی آئی کے خلاف بدترین سیاسی انتقام لیا جا رہا ، ہماری قیادت عمران خان سمیت جیل کی سختیاں برداشت کر رہی ہے ، عمران خان قید تنہائی میں ہیں ، بشریٰ بی بی کی طبیعت کے حوالے سے بھی تشویشناک خبریں موصول ہو رہی ہیں ، شاہ محمود قریشی بھی عارضہ دل میں مبتلا ہیں لیکن حکومت کی ہوس ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ۔

حکومت ہوش کے ناخن لے ، سیاسی انتقام بند کرے اور فوری تمام سیاسی اسیران کو رہا کرے۔ عمران خان کی ہر کال پر لبیک کہیں گے۔ سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے تمام پارٹی رہنما ؤں کو فوری متحد منظم ہو کر الیکشن کی بھرپور تیاری کے ساتھ ساتھ عمران خان کی رہائی کیلئے اقدامات کرنے کی تلقین کی۔اجلاس میں سینئر نائب صدور و ممبران اسمبلی غلام محی الدین دیوان ، حافظ حامد رضا ، حقیقی ایم ایل اے و سیکرٹری اطلاعات چوہدری مقبول گجر نے شرکت کی ۔

چیف آرگنائزر چوہدری حمید پوٹھی ، سینئر نائب صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر ظفر انور ، میاں شفیق جھاگوی ، جنرل سیکرٹری میر عتیق الرحمٰن ، نائب صدر بشیر گورسی و دیگر بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں سابق وزیر حکومت صدیقی بٹلی ، ندیم نثار ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری صادق جرال ، عدیل مغل ، بشیر احمد ، عباس بٹ ، امجد پہلوان ، رستم خان و دیگر اسٹیک ہولڈرز بھی شریک ہوئے۔اجلاس کے آغاز پرسوات سانحہ کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Scroll to Top