ہم میں کوئی اختلاف نہیں، ن لیگ کی فتح ترقی کی ضمانت ہے: فاروق حیدر

سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہماری سیاسی عزت مشترکہ ہے، جماعت کی کامیابی کے لیے اتفاق و اتحاد سے انتخابی میدان میں اتریں گے۔ پارلیمانی بورڈ کارکنان کی آرا کو مدنظر رکھ کر ٹکٹ جاری کرے گا۔ نواز شریف کی قیادت میں آزادکشمیر کے آمدہ انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ہم میں کوئی اختلاف نہیں۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ کارکنان آپس میں چھوٹے موٹے اختلافات بھلا کر جماعت کی کامیابی کے لیے ابھی سے بھرپور محنت کریں۔ عوام ہماری گزشتہ کارکردگی کو جانتے ہوئے ن لیگ پر بھرپور اعتماد کر رہے ہیں۔ ن لیگ کو ووٹ دینا ترقی اور خوشحالی کو ووٹ دینا ہے۔ ناراض ساتھیوں کو واپس لائیں گے، جہاں جہاں اختلافات ہیں، ان حلقوں میں خود جا کر اختلافات ختم کرواؤں گا۔ حلقہ سماہنی کی انتخابی مہم میں خود چلاؤں گا، اس دفعہ انشاء اللہ نشست جیتیں گے۔

انہوں نے کہا کہ برادریوں کی سیاست ن لیگ نے نہیں کرنی، ہم نے خدمت کی سیاست کو فروغ دینا ہے۔ مشاورت بامقصد اور بامعنی ہونی چاہیے۔ لیگ کے پاس الحمد للہ ایسی ٹیم موجود ہے جو ریاست کو دوبارہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ سماہنی مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ سطحی کمیٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات راجہ اظہر اقبال، سابق وائس چیئرمین آزاد کشمیر بار کونسل راجہ خالد محمود ایڈووکیٹ، ایڈووکیٹ راجہ جاوید اختر، مسلم لیگ ن ضلع بھمبر کے سینئر نائب صدر کیپٹن (ر) خان ندیم، مسلم لیگ ن تحصیل صدر سماہنی ڈاکٹر راجہ التماس خان، چیئرمین راجہ حسام جہانگیر ایڈووکیٹ، صوبیدار مسعود انور، صوبیدار فخر عباس، راجہ جاوید خان، کونسلر چوہدری جاوید اقبال، راجہ اسامہ اعظم، کونسلر راجہ ہمایوں قیوم، چوہدری عمران افضل، راجہ تاسب خان، راجہ صداقت علی خان، راجہ ماجد رزاق، سابق سیکرٹری جنرل ہائی کورٹ بار آزاد کشمیر و دیگر بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح حلقہ سماہنی مسلم لیگ ن کے ذمہ داران نے وقت اور حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے بروقت فیصلہ کیا، اسی کی تقلید ضلع کوٹلی اور دیگر ایسی جگہوں پر بھی کریں گے جہاں ایک سے زیادہ امیدواران ہیں۔ مسلم لیگ ن کے پاس ہر انتخابی حلقے میں ایک مضبوط ٹیم موجود ہے۔ ایک سے زیادہ بہترین امیدواران موجود ہیں، مگر ٹکٹ کسی ایک کو ہی مل سکتا ہے، اس لیے آپس میں مشاورت سے طے کریں کہ امیدوار کون ہوگا اور اس کے ساتھ دل و جان سے محنت کریں تاکہ جماعت کامیاب ہو، یہ سب کی کامیابی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جیف بیزوس اور لورین سانچز کی وینس میں شاہانہ شادی، معروف عالمی شخصیات کی بھرپور شرکت

انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، صرف قبرستان میں اختلاف رائے نہیں ہوتا، زندہ لوگوں کی اپنی رائے ہوتی ہے، مگر جب اکثریت فیصلہ کرلے تو پھر یہ سب کا فیصلہ ہونا چاہیے۔ جو بھی سماہنی کے زعما فیصلہ کریں گے، مجھے اپنے ساتھ پائیں گے، میں ہر وارڈ میں آپ کے ساتھ جانے کو تیار ہوں۔ جو ناراض ساتھی آج ہمارے ساتھ نہیں، انہیں بھی ہم نے ساتھ ملانا ہے۔ جب ہم اکٹھے ہوں گے تو مزید لوگ بھی ہمارے ساتھ شامل ہوں گے۔ اتحاد اور اتفاق میں برکت ہے، ن لیگ کا مستقبل انشاءاللہ روشن ہے، اور ہم اس دفعہ سماہنی کی نشست بھاری اکثریت سے جیتیں گے۔

Scroll to Top